ابو ظہبی کے ولی عہد کو پاکستان کے سب سے بڑے اعزاز "نشان پاکستان" سے نواز دیاگیا

ابو ظہبی کے ولی عہد کو پاکستان کے سب سے بڑے اعزاز

اسلام آباد:پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے ایوان صدر میں ہونے والی ایک اہم تقریب کے دوران ابو ظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کو "نشان پاکستان" سے نوازا۔

رپورٹ کے مطابق، شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان ایوان صدر پہنچے تو صدر آصف زرداری نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات بھی موجود تھیں۔

نشان پاکستان سے نوازے جانے کی یہ تقریب ابو ظہبی کے ولی عہد کی پاکستان کے ساتھ تجارتی، اقتصادی اور سرمایہ کاری کے شعبے میں معاونت کی خدمات کے اعتراف میں منعقد کی گئی۔

اس سے قبل شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان وفد کے ہمراہ نورخان ایئر بیس پہنچے، جہاں وزیراعظم اور دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا۔ بارش کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے خود چھتری تھامے رکھی تاکہ ولی عہد کو بارش سے بچایا جا سکے۔ وزیر اعظم ہاؤس میں پہنچنے پر ولی عہد کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جس کا معائنہ ولی عہد نے وزیراعظم کے ساتھ کیا۔