ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز

ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز
سورس: File

پشاور: ملک بھر میں آج سے 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔ 

 خیبرپختونخوا میں انسداد پولیو مہم کے پہلے مرحلے کا آغاز ہوگیا جس کے تحت پہلا مرحلہ3 دسمبرتک جاری رہےگا۔

صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں جیسے کہ پشاور، کوہاٹ، نوشہرہ، مردان اور مالاکنڈ ڈویڑن کے علاوہ ضلع بنوں میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

محکمہ صحت کے مطابق اس بار منظم منصوبہ بندی کی گئی ہے31 ہزار پولیو ٹیموں کے لیے 55 ہزار سیکورٹی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہے۔

اسی طرح صوبہ بلوچستان میں بھی گھر گھر جا کر پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے جس کے لیے 11 ہزار سے زائد کی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو صوبے بھر میں 5 سال کی عمر تک کے 25 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے۔  پو لیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق کوئٹہ، پشین اور قلعہ عبداللہ میں قطرے پلانے کی مہم جمعہ سے جاری ہے۔

دوسری جانب صوبہ سندھ بھر میں آج سے 7 روزہ پولیو مہم کا آغاز کیا جائے گا، مہم کے دوران سندھ میں ایک کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

ترجمان محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں آج سے 7 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ 27 نومبر سے سندھ کے 30 اضلاع میں شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم میں 80 ہزار سے زائد پولیو ورکرز اور سپروائزرز حصہ لیں گے جبکہ پولیو ورکرز کی سکیورٹی کیلئے 5 ہزار 300 سے زائد پولیس اہلکار فیلڈ میں تعینات کیے جائیں گے۔

چیف سیکریٹری سندھ نے محکمہ صحت کو تمام ریلوے اسٹیشنوں اور بس ٹرمینلز پر بھی بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جانے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔پولیو ٹیمیں بس سٹاپوں، ریلوے سٹیشنوں، افغان مہاجرین کیمپوں اور دیگر عوامی مقامات پر بھی موجود ہوں گی تاکہ ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلانے کو  یقینی بنایا جا سکے۔ 

 محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق اس سال پاکستان میں مجموعی طور پر پولیو کے 5 کیس رپورٹ ہوئے جن میں 3کیس خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں جبکہ 2کیس سندھ کے ضلع کراچی شرقی سے رپورٹ ہوئے۔

مصنف کے بارے میں