عمران خان اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

عمران خان اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، پولیو کی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اور مائیکرو سافٹ کمپنی کے بانی بل گیٹس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ  ہو اہے ، اس ٹیلی فونک رابطے میں دونوں نے مشترکہ مقاصد پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان سے پولیو کا خاتمہ ترجیح ہے ، کورونا کی تیسری لہر اور چیلنجز کے باوجود پولیو کے خلاف مؤثر مہم جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بل گیٹس فاؤنڈیشن کا احساس پروگرام میں تعاون کمزور طبقے کی مدد کرتا ہے ۔

اس کے علاوہ وزیراعظم نے کورونا اور غربت کے خاتمے کیلئے بل گیٹس فاؤنڈیشن کے کام کی تعریف کی ۔ عمران خان نے بل گیٹس کو ماحولیات کے تحفظ کے لیے پاکستان کے اہم منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا ، انہوں نے 10 بلین ٹری سونامی منصوبے کا بھی ذکر کیا ۔

بل گیٹس نے ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے پاکستان کے عزم کی تعریف کی ، انہوں نے کہا کہ دنیا کو اس عالمی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے اکٹھا ہونا چاہیئے ۔

مائیکرو سافٹ کمپنی کے بانی نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے باعث دنیا کا خوراک کا نظام خطرے سے دوچار ہے ، عالمی رہنماء موافقت کے لیے زرعی تحقیق میں سرمایہ کاری کو ترجیح دیں ۔