مجرم عمران خان کو دیسی گھی میں تیار دیسی مرغی اور مٹن دیا جاتا ہے: جیل حکام کی سربمہررپورٹ سپریم کورٹ میں جمع

مجرم عمران خان کو دیسی گھی میں تیار دیسی مرغی اور مٹن دیا جاتا ہے: جیل حکام کی سربمہررپورٹ سپریم کورٹ میں جمع

اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو جیل میں دی جانے والی سہولیات کے حوالے سے سر بمہررپورٹ چیف جسٹس آفس میں جمع کروا دی گئی ہے۔

بی بی سی نے بتایا ہے کہ محکمہ جیل خانہ جات کے ایک اہلکار کے مطابق مجرم عمران خان کو جیل مینوئیل، رولز اور قانون کے مطابق تمام سہولیات دی گئی ہیں۔

اہلکار کے مطابق اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’مجرم عمران خان کو ان کی فرمائش پر دیسی گھی میں تیار دیسی چکن بھی دیا جاتا ہے اس کے علاوہ انھیں دیسی گھی میں بنایا مٹن بھی دیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ اٹارنی جنرل آفس میں رپورٹ پنجاب کے محکمہ جیل خانہ جات نے جمع کروائی تھی جسے اٹارنی جنرل آفس کی جانب سے سربمہر سپریم کورٹ میں جمع کروایا گیا ہے۔

اہلکار کے مطابق ’تاہم یہ تمام کھانا جیل میں ہی تیار ہوتا ہے اور مجرم کی فرمائش پرفراہم آئٹمزآن پیمنٹ( قیمت پر) فراہم کیے جاتے ہیں۔ منرل واٹر بھی پیمنٹ کے عوض دیا جاتا ہے۔

اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف کوجیل کے سامنے کوریڈورمیں چہل قدمی اجازت ہے۔

محکمہ جیل خانہ جات کے اہلکار کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، جو کہ توشہ خانہ کیس میں تین سال کی سزا کاٹنے کے لیے جیل میں ہیں، کواٹک جیل میں بہتر کلاس کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ جیل میں سی اور بی کلاس موجود ہی نہیں تاہم عمران خان کو بہتر کلاس کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

سپریم کورٹ میں سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں مزید  کہا گیاہے کہ اٹک جیل کا بلاک 2 انتہائی محفوظ قید خانہ سمجھا جاتا ہے جہاں چیئرمین پی ٹی آئی کو قید رکھا گیا ہے وہ پورا بلاک خالی کروا کے انتہائی سخت سکیورٹی رکھی گئی ہے۔بلاک 2 سے ملحقہ دیگر بیرکس اور بلاکس بھی خالی کروا لیے گئے ہیں ۔ 

رپورٹ کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی لو جس سیل میں رکھا گیا وہ 9x11 فٹ کا ہے۔جس قید خانے میں چیئرمین پی ٹی آئی کو رکھا ہے اس کو وائٹ واش کیا گیا ہے۔قید خانے کا فرش مرمت کر کے چھت کا پنکھا بھی نصب کیا گیا ہے ۔18 اگست کو چیئرمین پی ٹی آئی کے قید خانے کے واش روم کی توسیع کی گئی ۔ 

رپورٹ کے مطابق قید خانے کے واش روم کی دیواریں پانچ فٹ اونچی کر دی گئی ہیں۔واش روم میں نیا کموڈ نصب کر کے دروازہ لگا دیا گیا ہے۔واش روم میں چیئرمین پی ٹی آئی کے لیے مسلم شاور، ٹیشو سٹینڈ اور سٹیل کی ٹونٹی بھی نصب کر دی گئی ہے۔واش روم کے باہر وضو کرنے کے لیے ایک واش بیسن اور ایک بڑا آئینہ بھی نصب کیا گیا ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق واش روم کی دیواروں پر رنگ روغن کیا گیا ہے۔13*44 فٹ کی راہدری میں چیئرمین پی ٹی کو صبح شام چہل قدمی کی اجازت ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں ایک درجہ بہتر کلاس بھی فراہم کر دی گئی ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی کو قید خانے میں پلنگ، میٹرس، چار تکیے، میز، کرسی، جائے نماز اور ایئر کولر بھی میسر ہے۔ 

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو انگریزی ترجمے والے چار قرآن مجید اور اسلامی تاریخ پر لکھی 25 کتابیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔سزا یافتہ قیدی چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں 21 انچ کی ایل ای ڈی اور اخبار کی سہولت بھی دی گئی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے سیل اور واش روم کی صفائی کے لیے روزانہ دو گھنٹے تک ایک خاکروب بھی فراہم کیا جاتا ہے۔صفائی کرنے والے کی یہ ذمہ داری بھی ہے کہ وہ چیئرمین پی ٹی آئی کے کپڑے بھی دھوئے۔قید خانے کو حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق فینائل سے روزانہ صاف کیا جاتا ہے۔