سموگ کا روگ برقرار، تجارتی سرگرمیاں 10 بجے بند کرنے کا حکم

سموگ کا روگ برقرار، تجارتی سرگرمیاں 10 بجے بند کرنے کا حکم

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کے تدراک کیلئے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے تمام تر تجارتی سرگرمیاں رات 10 بجے بند کرنے کا حکم دے دیا۔ 

 لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ تدارک کے لیے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر تحریری حکم جاری کردیا۔

لاہور ہائیکورٹ نے تجارتی سرگرمیاں رات 10 بجے بند کروانے کا حکم دیتے ہوئے سی سی پی او لاہور کو حکم پر عملدرآمد کروانے کی ہدایت کردی۔

جسٹس شاہد کریم کی جانب سے جاری حکم میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ کے سیکرٹری سی سی پی او کو اقدامات کی ہدایات دیں، اس حوالے سے ایڈمسٹریشن لاہور اور حکومت نوٹیفکیشن کرے۔

عدالتی حکم کے مطابق ہفتے میں دو دن ورک فرام ہوم کا نوٹیفکیشن نجی اداروں، بینکوں سمیت جاری کیا جائے، لاہور ہائی کورٹ نے ڈی سیل ہونے والے انڈسٹری یونٹس کو دوبارہ سیل کرنے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائی کورٹ نے ڈی سیل کرنے والے محکمہ ماحولیات کے افسران کے خلاف کارروائی کا حکم بھی دیا ہے۔

خیال رہے کہ پنجاب سمیت ملک کے دیگر حصوں میں اسموگ اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کی تمام حکومتی کوششیں ناکام ہوگئیں۔دنیا کے آلودہ ترین شہریوں میں آج لاہور دوسرے اور کراچی تیسرے نمبر پر ہے۔

لاہور کا  ائیر کوالٹی انڈیکس 280 ریکارڈ کیا گیا جب کہ کراچی کا 230 تھا۔دوسری جانب سیالکوٹ لاہور موٹروے ایم 3 اور ایم 11 پر شدید دھند ہے اورحدنگاہ خراب ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔

اس کے علاوہ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کا پہلا نمبر ہے۔

مصنف کے بارے میں