لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر جان بلوچ کا اہم کمانڈر مقابلے میں مارا گیا

لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر جان بلوچ کا اہم کمانڈر مقابلے میں مارا گیا

کراچی: کھارادر پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر جان بلوچ کے اہم کمانڈر کو مقابلے کے بعد ہلاک کردیا جبکہ اسکا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، ہلاک ہونے والا کمانڈر 100 سے زائد قتل ، اقدام قتل اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث تھا، اور لیاری میں دہشت کی علامت سمجھا جاتا تھا ۔

تفصیلات کے مطابق کھارادر پولیس نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب جونا مارکیٹ پھول چوک کے قریب لیاری گینگ وار کے اہم کمانڈر کی موجودگی کی اطلاع پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا اور علاقے کے تمام داخلی و خارجی راستوں کو سیل کرنے کے بعد پولیس اہلکاروں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کی طرف پیشقدمی شروع کی تو دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہونے لگے ، پولیس کی جوابی فائرنگ سے لیاری گینگ وار کا اہم کمانڈر موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ اسکا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس نے ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کیلئے قریبی اسپتال پہنچایا جہاں اسکی شناخت 45 سالہ عمر کچھی ولد عبداللہ کے نام سے ہوئی ، ایس ایس پی ساتھ عدیل چانڈیو نے بتایا کہ ہلاک ہونے والا دہشت گرد لیاری گینگ وار عذیر جان بلوچ گروپ کا کیماڑی کا کمانڈر تھا اور وہ کسی دہشت گردی کی کارروائی کی منصوبہ بندی کررہا تھا کہ پولیس نے اطلاع ملتے ہی دہشتگردوں کو گرفتار کرنے کیلئے مذکورہ مقام پرکارروائی کی تو دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ کردی اور جوابی فائرنگ سے ایک دہشت گرد ہلاک اور دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والا دہشت گرد نے لیاری سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں کئی افراد کو قتل کیا اور شہر کے مختلف علاقوں سے متعدد افراد کو اغوائکرنے کے بعد تاوان لے کر رہا اور تاوان نہ ملنے پر مغویوں کو گولیاں مار کر قتل کیا ، ہلا ک ہونے والا دہشت گرد لیاری میں خوف کی علامت سمجھا جاتا تھا اور اسکے خلاف لیاری سمیت شہر کے مختلف تھانوں میں قتل ، اقدام قتل، اغوائبرائے تاوان، بھتہ خوری ، بم دھماکوں سمیت 100 سے زائد مقدمات درج ہیں۔

ہلاک ہونے والا دہشت گرد لیاری نیا آباد کا رہائشی تھا پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی۔