غزہ میں اسرائیلی جارحیت، جنوبی افریقہ کا اسرائیل کیخلاف عالمی عدالت انصاف سے رجوع

غزہ میں اسرائیلی جارحیت، جنوبی افریقہ کا اسرائیل کیخلاف عالمی عدالت انصاف سے رجوع
سورس: file

کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقہ نے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی پر اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) سے رجوع کرلیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر عالمی عدالت نے بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ جنوبی افریقہ نے اسرائیل کے خلاف اقوام متحدہ کے نسل کشی کنونشن کی خلاف ورزی کا الزام لگایا اور اسرائیل کے خلاف مقدمہ چلانےکی درخواست کی ہے۔

b1a12b5b63038dc389f1a0bb1cbfccab

 

 
جنوبی افریقہ کی جانب سے کہا گیا ہےکہ غزہ میں اسرائیلی اقدامات نسل کشی ہیں، اسرائیلی فوج غزہ میں فلسطینیوں کو جان بوجھ کر قتل کر رہی ہے اور غزہ کے بڑے حصے کو تباہ کردیا گیا ہے، اسرائیل کی جانب سے طاقت کے اندھا دھند استعمال کا مقصد فلسطینوں کو زبردستی بے دخل کرنا ہے، اسرائیل کا یہ عمل نسل کشی کنوشن کی خلاف ورزی ہے۔


 
جنوبی افریقہ کی جانب سےغزہ میں موجود فلسطینیوں کی حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے درخواست کی گئی ہے کہ اسرائیل کو نسل کشی کا مرتکب قرار دے کر مقدمہ چلایا جائے اور اسے مزید کارروائیوں سے روکا جائے۔

  

جنوبی افریقہ کا کہنا ہےکہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں  انسانیت کے خلاف جرائم کی مسلسل اطلاعات ہیں، اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر تشدد کا سلسلہ جاری ہے اور امکان ہے کہ اسرائیلی جرائم میں مزید اضافہ ہوگا۔

یاد رہے کہ غزہ پر جارحیت کا سلسلہ برقرار رکھنے پر جنوبی افریقہ  اسرائیل سے اپنے سفارتی عملے کو واپس بلا چکا ہے۔ گزشتہ دنوں جنوبی افریقہ کی وزیر خارجہ نے غزہ میں جاری وحشیانہ کارروائیوں پر اسرائیلی وزیراعظم کی گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا تھا۔


دوسری جانب غزہ پر اسرائیلی حملے جاری ہیں اور 24 گھنٹوں میں  مزید187 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ پر 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں 21 ہزار 507 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ 55 ہزار 915 فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔

مصنف کے بارے میں