برطانیہ جمعے کو یورپی یونین سے علیحدہ ہو جائے گا

برطانیہ جمعے کو یورپی یونین سے علیحدہ ہو جائے گا
کیپشن: بریگزٹ ڈیل کی حمایت میں 621 اور مخالفت میں 49 ووٹ ڈالے گئے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

برسلز: یورپی یونین کی پارلیمنٹ نے بھاری اکثریت کے ساتھ بریگزیٹ ڈیل کی توثیق کردی ہے۔ بیلجیئم کے شہر برسلز میں ہونے والے یورپی یونین کی پارلیمنٹ کے اجلاس میں بریگزٹ ڈیل کی حمایت میں 621 اور مخالفت میں 49 ووٹ ڈالے گئے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق بل کی منظوری کے بعد برطانیہ جمعے کو  یورپی یونین سے الگ ہوجائے گا۔اس موقع پر یورپی پارلیمنٹ کے متعدد برطانوی اراکین کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ برطانیہ ایک دن دوبارہ یونین میں واپس آئے گا۔

یورپی پارلیمنٹ کے صدر ڈیوڈ ساسولی  نے اپنے خطاب میں برطانوی اراکین اور عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ یورپی یونین کو چھوڑ رہے ہیں لیکن آپ ہمیشہ یورپ کا حصہ رہیں گے۔

یورپین کمیشن کی صدر  اُرسلا ون کا کہنا تھا کہ بریگزٹ معاہدے کی توثیق برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان نئے تعلقات کی طرف  پہلا قدم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم آپ سے ہمیشہ پیار کرتے رہیں گے اور ہم کبھی بھی ایک دوسرے سے دور نہیں ہوں گے۔

خیال رہے کہ دسمبر 2019 میں برطانیہ کے تاریخی انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرنے اور دوبارہ وزیراعظم بننے کے بعد بورس جانسن نے کہا تھا کہ انہیں عوام نے یہ مینڈیٹ یورپی یونین سے نکلنے کےلیے دیا ہے، اس لیے برطانیہ آئندہ ماہ یورپی یونین چھوڑ دے گا۔

بعد ازاں برطانوی دارالعوام (ایوان زیریں) اور دارالامراء (ایوان بالا) نے رواں ماہ  یورپی یونین سے اخراج کا بل منظور کرلیا تھا۔

برطانوی پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم نے بھی گذشتہ ہفتے یورپی یونین سے علیحدگی کی باضابطہ منظوری دی تھی۔