کپتان اور کوچ کی تبدیلی کا فیصلہ ورلڈ کپ کے بعد کریں گے: ذکاء اشرف 

کپتان اور کوچ کی تبدیلی کا فیصلہ ورلڈ کپ کے بعد کریں گے: ذکاء اشرف 

لاہور:  چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ کپتان اور کوچنگ اسٹاف کی تبدیلی کا فیصلہ ورلڈ کپ کے بعد ہوگا۔ ورلڈ کپ میں کارکردگی کا جائزہ لیں گے اس کے بعد فیصلہ کریں گے۔ 

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے کہا کہ امید ہے پاکستانی ٹیم ورلڈکپ میں کم بیک کرے گی، ٹیم چند روز قبل ہی بھارت پہنچی ہے، کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے میں تھوڑا وقت لگے گا۔

ذکا اشرف نے کہا کہ وارم اپ میچ میں ٹیم کے کافی اچھے کھلاڑی ریسٹ پر بھی تھے، پریکٹس میچوں میں پرفارم نہ کرنے والی ٹیمیں کم بیک کرتی ہیں، ہمارے پاس بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی جیسے اسٹار کھلاڑی موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محمد یوسف بڑا نام ہے ان کی پاکستان کے لیے خدمات ہیں لیکن میرے پاس آپشن نہیں تھا جو کوچز کی ٹیم ملی انہیں آگے لے کر چلے، مکی آرتھر کو نجم سیٹھی کے دور میں رکھا گیا تھا اگر انہیں ہٹایا تو پی سی بی کی بدنامی ہوگی۔

ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ مکی آرتھر نے وعدہ کیا تھا وہ ورلڈ کپ میں ٹیم کے ساتھ رہیں گے، ابھی ٹیم کھیلنے گئی ہے، کپتان اور کوچنگ اسٹاف میں تبدیلی کا فیصلہ ورلڈ کپ کے بعد کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں میرا کوئی کردار نہیں۔ کھلاڑیوں کی کیٹیگری پرفارمنس سے مشروط ہے۔ ہم پاکستان کرکٹ کے لیے جو بہتر ہوگا وہی کریں گے۔

مصنف کے بارے میں