محمد عباس آسٹریلیا کیخلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں کون سا سنگ میل عبور کرنا چاہتے ہیں؟ 

محمد عباس آسٹریلیا کیخلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں کون سا سنگ میل عبور کرنا چاہتے ہیں؟ 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عباس نے آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس دوران اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی 100 وکٹیں مکمل کرنا چاہتے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق محمد عباس نے اب تک 25 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 90 وکٹیں حاصل کی ہیں اور انہیں وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے کیلئے مزید 10 وکٹوں کی ضرورت ہے جن کے حصول کیلئے انہوں نے آسٹریلیا کیخلاف سیریز کو اپنا ٹارگٹ بنا لیا ہے۔ 
محمد عباس کا کہنا ہے کہ اگر مجھے آسٹریلیا کیخلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کھیلنے کا موقع ملا تو میں اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی 100 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرنے کیساتھ ساتھ ایسی کارکردگی دکھانے کی بھرپور کوشش کروں گا جس سے قومی ٹیم آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف کامیابی حاصل کرے۔ 
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا جیسی بڑی ٹیم کے دورہ پاکستان کیلئے پرجوش ہوں اور گزشتہ ماہ سے اس سیریز کیلئے تیاری بھی شروع کر دی ہے اور بھرپور محنت کیساتھ پریکٹس میں مصروف ہوں، امید ہے کہ آسٹریلین ٹیم بڑے کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گی اور شائقین کرکٹ کو بہترین مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ 
انہوں نے پاکستانی کرکٹرز کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایوارڈز ملنے کو معرکہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ ٹیموں میں قومی کھلاڑیوں کا شامل ہونا اور بابر اعظم کا کپتان بننا قابل فخر لمحات ہیں، میں بھی 2018 میں آئی سی سی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بنا، لیکن اس بار مجھے بہت زیادہ خوشی ہوئی ہے۔ 

مصنف کے بارے میں