پیٹرول کے بعد ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی کمی کا اعلان

پیٹرول کے بعد ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی کمی کا اعلان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی قیمت میں فی کلو 14 روپے کمی کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جن کا اطلاق یکم اپریل سے ہو گا۔ 
اوگرا کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 166 روپے 33 پیسے سستا ہو گیا ہے اور اس کی نئی قیمت 1718 روپے 59 پیسے مقرر کر دی گئی ہے۔ 
نوٹی فکیشن کے مطابق ایل پی جی کی نئی قیمت 145 روپے 64 پیسے فی کلو مقرر کر دی گئی ہے جس کا اطلاق یکم اپریل سے ہو گا اور نئی قیمتیں پورے مہینے کے دوران لاگو رہیں گی۔ 
خیال رہے کہ اس سے قبل فروری میں ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 1884 روپے 92 پیسے تھی جبکہ ایل پی جی کی قیمت 159 روپے 74 پیسے فی کلو تھی۔ 

واضح رہے کہ  اس سے قبل وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی کا اعلان کیا گیا ہے جس کا اطلاق یکم اپریل سے ہو گا۔ 

وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر نے قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پیٹرول کی قیمت میں ڈیڑھ روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں تین روپے فی لیٹر کمی کی جا رہی ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ حکومتیں اور قومیں بڑے فیصلے کئے بغیر آگے نہیں بڑھتیں اور ہر مرتبہ پاپولر فیصلہ کرنا بھی درست ثابت نہیں ہوتا بلکہ بعض اوقات مشکل فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔