'ایسی دستاویزات نہیں ملیں کہ نواز شریف نے گلف اسٹیل کا کاروبار سنبھالا ہو'

'ایسی دستاویزات نہیں ملیں کہ نواز شریف نے گلف اسٹیل کا کاروبار سنبھالا ہو'
کیپشن: نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے آج بھی پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء پر جرح جاری رکھی۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں جرح کے دوران جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاء نے بتایا کہ ایسی دستاویزات نہیں ملیں کہ نوازشریف گلف اسٹیل کے کاروبار میں کسی بھی طرح شامل رہے اور کسی بھی حیثیت میں گلف اسٹیل کا کاروبار سنبھالا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت کی۔ نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء پر جرح جاری رکھی۔

مزید پڑھیں: جسٹس (ر) ناصر الملک نے نگراں وزیراعظم کے عہدے کا حلف لے لیا

جرح کے دوران واجد ضیاء نے بتایا کہ ایسا دستاویزی ثبوت نہیں ملا کہ نواز شریف کو ہل میٹل کا کاروبار چلانے کی اتھارٹی دی گئی ہو اور ہل میٹل سے نواز شریف کو قرض لینے کا اختیار ملا ہو جب کہ ایسی کوئی دستاویز بھی نہیں ملی کہ نوازشریف ہل میٹل کی طرف سے مالی اداروں سے ڈیل کرتے ہوں۔

واجد ضیاء نے کہا کہ زبانی شواہد بھی نہیں ملے جو ظاہر کریں نواز شریف ہل میٹل کی طرف سے ڈیل کرتے ہوں۔

جے آئی ٹی سربراہ نے بتایا کہ ایسی دستاویزات نہیں ملیں کہ نواز شریف گلف اسٹیل کے کاروبار میں کسی بھی طرح شامل رہے اور کسی بھی حیثیت میں گلف اسٹیل کا کاروبار سنبھالا ہو۔ گلف اسٹیل کے لیے قرضہ لیا ہو یا نواز شریف گلف اسٹیل کی فروخت میں شامل رہے۔

خواجہ حارث نے واجد ضیاء سے سوال کیا کہ آپ کی تفتیش کے مطابق ہل میٹل کب رجسٹرڈ ہوئی؟۔ اس پر جے آئی ٹی سربراہ نے بتایا کہ جو دستاویز پیش کیں ان کے مطابق 2005 میں رجسٹرڈ ہوئی۔

اس پر خواجہ حارث نے کہا کہ آپ اپنی تفتیش کا بتائیں کب قائم ہوئی؟۔ واجد ضیاء نے بتایا کہ ملزمان کی طرف سے پیش کی گئی دستاویزات کے مطابق 2005 میں رجسٹرڈ ہوئی۔ کسی گواہ نے بیان نہیں دیا کہ نواز شریف ہل میٹل قائم کرنے میں شامل ہوں، کسی گواہ نے یہ بھی نہیں کہا کہ نواز شریف نے ہل میٹل قائم کرنے کے لیے رقم دی ہو، جے آئی ٹی تفتیش میں تعین نہ کر سکی کہ ہل میٹل کمپنی واحد ملکیت یا پارٹنر شپ پر مبنی ہے۔

وکیل صفائی نے سوال کیا کہ کیا جے آئی ٹی نے نواز شریف سے پوچھا کہ ہل میٹل کیسے قائم ہوئی؟۔ اس پر واجد ضیاء کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی نے نواز شریف سے دوران تفتیش ایسا کوئی سوال نہیں پوچھا۔ ان سے نہیں پوچھا کہ ہل میٹل کے لیے فنڈز کس نے دیے۔ نواز شریف سے یہ بھی نہیں پوچھا کہ ہل میٹل کا مالک کون ہے اور کاروبار کون چلاتا ہے؟

واجد ضیاء نے کہا کہ اس پر از خود بھی جواب دینا چاہتا ہوں اور یہ باتیں نواز شریف کے بیان میں نہیں ہیں۔

 

یہ بھی پڑھیں: خواجہ آصف کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت مل گئی

خواجہ حارث نے سوال کیا کہ آپ نے سوال کیا کہ ہل میٹل سے آنے والا پیسہ سیاست میں استعمال ہوتا تھا؟۔ اس پر واجد ضیاء نے جواب دیا کہ اس سوال پر نواز شریف کا جواب "نہیں" میں تھا۔

جے آئی ٹی سربراہ نے بتایا کہ کسی گواہ نے نہیں کہ اکہ بیرون ملک قیام میں حسین نواز، نواز شریف کے زیر کفالت تھے۔بعد ازاں احتساب عدالت نے نواز شریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس میں واجد ضیاء پر جرح پیر تک ملتوی کر دی۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں