افطار کے بعد ہاتھ پیر ٹھنڈے کیوں ہو جاتے ہیں؟ حیران کن سائنسی وجہ سامنے آ گئی

افطار کے بعد ہاتھ پیر ٹھنڈے کیوں ہو جاتے ہیں؟ حیران کن سائنسی وجہ سامنے آ گئی

اسلام آباد:رمضان المبارک میں روزہ افطار کرنے کے بعد اکثر افراد کو اچانک ٹھنڈ محسوس ہونے لگتی ہے، جس کی وجہ سے ہاتھ اور پیر سرد ہو جاتے ہیں۔ اگرچہ یہ عام بات ہے، لیکن بہت سے لوگوں کے لیے یہ حیران کن بھی ہو سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق اس کی بنیادی وجہ روزے کے دوران طویل وقفے تک غذا کا استعمال نہ کرنا ہے۔ سحر سے افطار تک کم از کم 13 گھنٹے کا فاقہ ہوتا ہے، جس کی وجہ سے جسم کی بلڈ شوگر کی سطح کم ہو جاتی ہے۔ جب ہم کھانے کے بعد شوگر کی سطح کو بحال کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو جسمانی درجہ حرارت میں کمی آ سکتی ہے، جس کے نتیجے میں ہمیں ٹھنڈ محسوس ہوتی ہے۔

اسی طرح رمضان میں عمومی طور پر کیلوریز کی مقدار میں کمی آتی ہے، جس کی وجہ سے میٹابولزم سست روی سے کام کرنے لگتا ہے تاکہ جسمانی توانائی زیادہ دیر تک برقرار رہ سکے۔ اس عمل کے باعث بھی کھانے کے بعد سردی محسوس ہونے لگتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ کیفیت بار بار محسوس ہو تو یہ اس بات کا اشارہ ہو سکتا ہے کہ آپ کو اپنی خوراک میں مزید کیلوریز شامل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ جسمانی درجہ حرارت متوازن رہے اور آپ کو زیادہ توانائی مل سکے۔