سندھ کی طرح گلگت بلتستان میں غربت کے خاتمے کا پروگرام شروع کریں گے، بلاول بھٹو

Pakistan,PPP, Gilgat Baltistan, bilawal bhutto
کیپشن: فوٹو/بلاول بھٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ

گلگت بلتستان: سعدیہ دانش کی رہائش گاہ پر خواتین کے ایک کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے انتخابات صرف انتخابات ہی نہیں بلکہ جی بی کے لئے ایک بہتر مستقبل کا انتخاب ہے اور 15نومبر کو پی پی پی کے جیالے اور جیالیاں فتح کا جشن منائیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور صدر آصف علی زرداری کے ادوار حکومت میں جی بی کے عوام کی خدمت کی ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ایف سی آر اور راجگیری نظام کا خاتمہ کیا جبکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جی بی میں جمہوریت کو متعارف کروایا اور سیاسی پارٹیوں کو جی بی میں کام کرنے کی اجازت دی۔ صدر زرداری نے جی بی کے عوام کو شناخت دی، اسمبلی، پہلا گورنر اور پہلا وزیراعلیٰ دیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان میں جیالا وزیراعلیٰ دیا اور ایک دفعہ پھر جیالا اور وزیراعلیٰ دے گی۔ یہ انتخابات جی بی کے نوجوانوں کے مستقبل کے انتخابات ہیں اور عوام اپنے حق حاکمیت اور حق ملکیت اور علیحدہ صوبے کے حق اور پاکستان کے وزیراعظم کو منتخب کرنے کے حق کے لئے ووٹ دیں گے۔

انہوں نے کہا یہ انتخابات شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے مطابق جی بی کی خواتین کے بہتر مستقبل کے لئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ یہ دھمکیاں دے رہے ہیں کہ وہ خواتین کو دیامیر کے انتخابات میں ووٹ نہیں ڈالنے دیں گے لیکن پیپلزپارٹی کے جیالے اور جیالیاں ان کے ارادوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ سعدیہ دانش شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جیالی ہے اور وہ عظیم لیڈر کا وڑن لے کر آگے آ رہی ہیں۔

بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ شہید بی بی کو تو ہم سے چھین لیا گیا لیکن جی بی کی ہر خاتون شہید بی بی کی آئیڈیالوجی کو لے کر آگے بڑھ رہی ہیں۔ پی پی پی نے جس طرح تاریخ میں ہمیشہ جی بی کے حقوق دئیے ہیں اسی طرح ایک مرتبہ پھر دے گی۔ پیپلزپارٹی سندھ کی طرح جی بی میں بھی غربت کے خاتمے کا پروگرام شروع کرے گی جس کے ذریعے خواتین کو آسان قرضے دئیے جائیں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ مہنگائی اور بیروزگاری کے مقابلے کے لئے عوامی معاشی پالیسیاں دی جائیں۔ آج ملک میں لوگوں کو بیروزگار کیا جا رہا ہے لیکن پیپلز پارٹی ملک اور جی بی میں عوام کو روزگار فراہم کرے گی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ 15نومبر کو ووٹنگ کے روز جی بی کے عوام کے لئے امتحان کا دن ہے اور پیپلزپارٹی کو عوام کے ووٹوں کی ضرورت ہے کیونکہ پہلے کی طرح اس مرتبہ بھی ہم عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔