پی ایس ایل 10: لاہور قلندرز اور ائیر سیال کی شراکت داری برقرار

پی ایس ایل 10: لاہور قلندرز اور ائیر سیال کی شراکت داری برقرار

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ایڈیشن 10 کے لیے لاہور قلندرز اور ائیر سیال نے اپنی شراکت داری برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا۔ دونوں اداروں کے درمیان شراکت داری کا نیا معاہدہ طے پا گیا، جس کے تحت ایئر سیال بدستور لاہور قلندرز کی آفیشل ایئرلائن رہے گی۔

معاہدے کی تقریب میں لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا اور سی او او ثمین رانا نے شرکت کی، جبکہ ائیر سیال کے وائس چیئرمین عمر میر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور فاسٹ بولر حارث رؤف کی موجودگی نے شراکت داری کے اس معاہدے کو مزید خاص بنا دیا۔

ایئر سیال اور لاہور قلندرز کی یہ شراکت داری 2022 میں شروع ہوئی تھی، اور اب پی ایس ایل 10 میں بھی جاری رہے گی۔ معاہدے کے تحت ائیر سیال نہ صرف لاہور قلندرز کی آفیشل ایئر لائن ہوگی بلکہ ٹیم کی کٹ پر برانڈنگ کے ساتھ ساتھ دیگر سپورٹ بھی فراہم کرے گی۔

اس موقع پر سی ای او لاہور قلندرز عاطف رانا کا کہنا تھا کہ "ہم ایئر سیال کے ساتھ اپنے سفر کو مزید آگے بڑھانے پر خوش ہیں، ان کا عزم ہمارے ویژن سے مطابقت رکھتا ہے، اور ہم کامیاب سیزن کے منتظر ہیں۔"

ائیر سیال کے وائس چیئرمین عمر میر نے کہا کہ "ہم لاہور قلندرز کے ساتھ اپنی شراکت داری پر فخر محسوس کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ یہ تعلق مزید مضبوط ہوگا۔"

فضل جیلانی نے بھی لاہور قلندرز کی پی ایس ایل 10 مہم کا حصہ بننے پر جوش و خروش کا اظہار کیا۔

ائیر سیال نہ صرف پاکستان کو دنیا سے جوڑنے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے بلکہ ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے بھی سرگرم ہے۔ اس شراکت داری سے نہ صرف لاہور قلندرز کی برانڈ ویلیو میں اضافہ ہوگا بلکہ پاکستان میں کھیلوں کو مزید تقویت ملے گی۔