پیپلزپارٹی کا عوامی مارچ  ختم  کرنے کا اعلان 

 پیپلزپارٹی کا عوامی مارچ  ختم  کرنے کا اعلان 

اسلام آباد:پاکستان پیپلزپارٹی نےدس روز جاری رہنے والا لانگ مارچ ختم کرنے کا اعلان کر دیا ۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے لانگ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا سلیکٹڈ حکومت کا وقت ختم ہو چکا ہے ،ایک بار پھر مل کر وزیر اعظم کو گھر بھیجیں گے ۔

بلاول بھٹو زرداری نے ڈی چوک میں لانگ مار چ سے خطاب کرتے ہوئے کہا عمران خان کو اسمبلی میں شکست کا سامنا کرنا پڑے گا،عمران خان کہتے تھے عوام کو گھبرانا نہیں لیکن اب خود عمران خان کیلئے گھبرانے کا وقت شروع ہو چکا ہے کیونکہ تحریک عدم اعتماد پیش کر دی گئی ہے ۔

بلاول بھٹو نے کہا غیر جمہوری شخص کو جمہوری طریقے سے گھر بھیج رہے ہیں ،پاکستان کے دوسرے وزیراعظم کو عدم اعتماد سے فارغ کر رہےکیونکہ جیالے جو کہتے ہیں کر دکھاتے ہیں ،انہوں نے کہا عمران خان نے جمہوریت کا جنازہ نکالااور ہم نے جمہوری حملہ کر دیا ہے ،اب اس کے گھبرانے کا وقت آگیا ۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کارکنوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف جیالے ہی کر سکتے ہیں جو وہ تین سال سے کٹھ پتلی سے ٹکرا رہے ہیں ،وقت آگیا ہے ساری جماعتیں صاف شفاف الیکشن کا بندو بست کریں ۔


بلاو ل بھٹو نے مزید کہا عمران خان سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں، انہوں نے جمہوریت کا جنازہ نکالا،کٹھ پتلی ہم پر مسلط کیا گیا، قوم پر مسلط کیا گیا ،لیکن اب وقت آگیا ہے غیر جمہوری شخص کو جمہوری طریقے سے گھر بھیجا جائے.

سابق صدر آصف علی زرداری نے ڈی چوک پر کھڑے ہو کر حکومت کو للکارتے ہوئے کہا عمران خان سرکوں پر آئو تو سہی دیکھیں گے کون خطرناک ہے ،عمران خان کو بہت جلد باہر نکالوں گا ۔

سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے عوامی لانگ مار چ سے خطاب کرتے ہوئے کہا  کہ  اپنے دشمنوں اور اپنے پیارے جیالوں دونوں کو بہت اچھی طرح جانتا ہوں،ا ب وقت آگیا کہ ہم آگے بڑھ کر ناکام وزیر اعظم کونکالیں اور اس کی جگہ کسی شریف آدمی کو بٹھائیں جو ملک چلا سکے اور ہم اس کی مدد کریں ۔

آصف علی زرداری نے کہا سب جماعتیں مل کر مائنس سلیکٹڈ کرینگی اور ہم عمران خان کو بہت جلد باہر نکالیں گے ،اسلام آباد ڈی چوک میں کھڑے ہو کر آصف زرداری نے حکومت کو للکارتے ہوئے کہا کہ عمران خان اب تم باہر آئو تو سہی دیکھیں کون کتنا خطرناک ہے ،انہوں نے کہا اگرا ب بھی ہم نے سلیکٹڈ کو رہنے دیا تو آئندہ نسلیں ہمیں معاف نہیں کرینگی ۔

انہوں نے کہا  پاکستان پیپلزپارٹی کا منشور یہ ہے کہ عوام اور غریبوں کی خدمت کرنا ہے۔ میں اور بلاول مل کر عوام کی خدمت کریں گے، ہم نے بی بی اور گڑھی خدا بخش سے وعدہ کیا تھا کہ ہم زندگی بھر عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔ ہم عوام کو ان کی تکلیف سے نجات دلائیں گے۔