او آئی سی کشمیری عوام کے خلاف بھارتی مظالم کا نوٹس لے

او آئی سی کشمیری عوام کے خلاف بھارتی مظالم کا نوٹس لے

سری نگر: میڈیا رپورٹس کے مطابق سید علی گیلانی نے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف ال عثیمن کے نام جاری ایک مراسلے میں اجلاس میں شرکت کی دعوت دینے پر انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے گزشتہ سات دہائیوں سے پر امن جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ نے اس تنازعہ کو عوامی خواہشات کے مطابق حل کرانے کے لئے کئی قرادادیں منظور کی ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ بھارت نے ان سبھی قرادادوں پر نہ صرف عمل درآمد سے انکار کیا بلکہ وہ مسلسل منفی رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں جس سے عالمی ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

انہوں نے کہا جموں کشمیر کوئی سرحدی تنازعہ نہیں بلکہ یہ کروڑوں لوگوں کے سیاسی مستقبل سے متعلق ایک انسانی مسئلہ ہے جو بھارت کے بدترین ظلم و تشدد کا نشانہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے نہتے کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم کی انتہا کر دی ہے اور پر امن مظاہرین کے خلاف طاقت کے بے جا استعمال اور پیلٹ گن کے استعمال سے سینکڑوں جوان، بچے اور بزرگ آنکھوں کی بینائی سے محروم ہو چکے ہیں اور اب کشمیری نوجوانوں کو شہید کرنے کیلئے انکے خلاف کیمیائی ہتھیار استعمال کئے جا رہے ہیں۔

سید علی گیلانی نے اپنے مراسلے میں او آئی سی کی توجہ بھارت میں رہنے والے مسلمانوں کی حالت زار کی طرف مبذول کراتے ہوئے کہا کہ گائے کو تحفظ فراہم کرنے کے نام پر مسلمانوں پر وحشیانہ تشدد کر کے انہیں موت کی نیند سلا رہے ہیں اگرچہ بھارت مسلم دنیا کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کی دہائی دے رہا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ حالیہ دنوں میں اسرائیل کے ساتھ پینگیں بڑھا کر اس کے عزائم واضح ہو رہے ہیں۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں