کورونا کیسز میں اضاٖفہ، اسلام آباد میں متعدد گلیاں سیل کرنے کا حکم

کورونا کیسز میں اضاٖفہ، اسلام آباد میں متعدد گلیاں سیل کرنے کا حکم
کیپشن: وفاقی دارلحکومت میں ایک دن میں 88 کیسز سامنے آنے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث مختلف گلیاں سیل کرنے کیلئے سرکاری مراسلہ لکھ دیا گیا ہے اور مذکورہ علاقوں کے رہائشیوں کو راشن و دیگر اشیاء ضروریہ کی خریداری کے لئے اتوار تک کی مہلت دے دی گئی ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد ڈاکٹر ضعیم ضیاء نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد محمد حمزہ شفقات کو تین سب سیکٹرز کی مختلف گلیاں سیل کرنے کیلئے سرکاری مراسلہ لکھ دیا ہے جس پر ڈپٹی کمشنر نے اتوار تک کی مہلت دیتے ہوئے مذکورہ علاقوں کے رہائشیوں سے کہا ہے کہ وہ اپنا راشن و دیگر اشیاء ضرویہ کی خریداری کر لیں جس کے بعد اتوار کی شام کو مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کر کے ان علاقوں کو سیل کر دیا جائے گا۔

ڈی ایچ او کی جانب سے ڈی سی کو لکھے گئے مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی دارلحکومت میں ایک دن میں 88 کیسز سامنے آنے کے بعد سیکٹر جی ٹین فور کی 38، 44، 45، 46، 47 اور 48 سیکٹر آئی ایٹ ٹو کی گلیاں 25 اور 29 جب کہ سیکٹر جی نائن فور کی 85 اور 89 گلیاں سیل کر دی جائیں۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد نے ڈپٹی کمشنر سے مذکورہ گلیوں میں مائیکرو لاک ڈاؤن لگانے کی استدعا کرتے ہوئے مزید کہا کہ وقت پر لاک ڈاؤن لگانے سے کورونا کیسز کے پھیلاؤ میں کمی لائی جا سکتی ہے۔

ادھرکورونا کیسز میں اچانک اضافہ کی رپورٹس ملنے کے بعد ڈپٹی کمشنر کے حکم پر اسلام آباد میں کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزیوں پر ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے اور ہفتے کو ضلع بھر میں 173 مقامات کے معائنے کیے گئے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 32 ریسٹورنٹس، 47 دکانیں سیل کر دی گئی ہیں جب کہ  17 شادی ہالز کو وارننگ دی گئی ہے۔ کورونا وائرس سے بچاؤ کے ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر 78 ہزار جرمانے کیے گئے ہیں۔

کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد کی جانب سے امتحانات ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔ نوٹی فکیشن کے مطابق یونیورسٹی سے ملحقہ کالجز میں بی اے، بی کام اور بی ایس سی کے سالانہ امتحانات ملتوی کر دیئے گئے ہیں، سینٹرز کے بند ہونے کی وجہ سے 12 اکتوبر سے شروع ہونے والے امتحانات نہیں ہو سکیں گے۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے امتحانات کو ملتوی کیا گیا ہے جب کہ ملتوی ہونے والے امتحانات کے لیے نیا شیڈول جلد ہی جاری کیا جائے گا۔