اسلحے کی سب سے بڑی کھیپ امریکہ سے یورپ پہنچ گئی

اسلحے کی سب سے بڑی کھیپ امریکہ سے یورپ پہنچ گئی

واشنگٹن: امریکی فوج کے جاری کردہ بیان میں کہاگیا ہے کہ چھے سو بیس کنٹینروں پر مشتمل اسلحے کی ایک کھیپ اکتوبر کے آخر میں شمالی جرمنی کی بندرگاہ نورڈ ہائم پہنچا دی گئی ہے۔

اسلحہ کی یہ کھیپ مال گاڑی کے ذریعے پورے یورپ میں تقسیم کی جائے گی۔پچھلے بیس سال کے دوران، امریکہ سے یورپ کو ارسال کی جانے والی اسلحے کی یہ سب سے بڑی کھیپ ہے۔اس سے قبل پیٹناگون نے اعلان کیا تھا کہ امریکہ چھے ہزار ٹینک مشرقی یورپ روانہ کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔امریکہ اینٹی ڈرون سسٹم، ایف آئی ایم میزائیلوں سے لیس بکتر بند گاڑیاں اور گراڈ توپیں بھی یورپ میں نصب کرنا چاہتا ہے۔

امریکی اور یورپی حکام کا دعوی ہے کہ روس کے جارحانہ عزائم کا مقابلہ کرنے کے لیے مشرقی یورپ میں امریکی فوجی موجودگی میں اضافہ کیا جارہا ہے۔پینٹاگون نے نومبر کے اوائل میں اعلان کیا تھا کہ جنوری دوہزار سترہ سے براعظم یورپ میں امریکی فوج کی تعیناتی کا عمل شروع کیا جائے گا۔یہ خبریں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں کہ جب بحران یوکرین اور جزیرہ نمائے کریمیا کے معاملے پر روس اور امریکہ کے تعلقات انتہائی نچلی سطح پر آگئے ہیں۔

بحران شام کے حوالے سے بھی روس اور امریکہ کے درمیان شدید اختلافات پائے جاتے ہیں۔ ماسکو اور واشنگٹن ایک دوسرے پر شام کے حوالے سے ہونے والے اتفاق رائے کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہیں۔ روس اپنی سرحدوں کے قریب نیٹو کی نقل وحرکت پر نکتہ چینی کرتے ہوئے خبردار کرچکا ہے کہ یہ اقدامات علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے خطرناک ثابت ہوں گے.

مصنف کے بارے میں