پی آئی سی میں سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر رینجرز تعینات

پی آئی سی میں سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر رینجرز تعینات
کیپشن: Image Source : File Photo

لاہور: پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر وکلا کے حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر رینجرز کو  تعینات کر دیا گیا ہے۔


تفصلات کے مطابق ، رینجرز کے اہلکاروں نے پی آئی سی کا چارج سنبھال لیا ہے اور عمارتوں کے باہر رینجرز اہلکاروں نے ڈیوٹیاں دینا شروع کر دی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وکلا کی بڑی تعداد نے لاہور میں دل کے ہسپتال پر دھاوا بول دیا تھا۔ اس موقع پر سینکڑوں وکلا ہسپتال کا مرکزی دروازہ توڑ کر اندر داخل ہو گئے اور توڑ پھوڑ کی۔

اس صورتحال کے باعث علاج معالجہ کے سلسلے میں آئے ہوئے مریض ہسپتال میں محبوس ہو کر رہ گئے۔ اس ہنگامہ آرائی کے دوران پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی لیکن اہلکار خاموش تماشائی بنے رہے۔

مشتعل وکلا نے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے ہسپتال کی عمارت اور گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دئیے۔ یہ سلسلہ جاری تھا کہ ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر ہسپتال پہنچے جن کے حکم پر ہسپتال میں موجود پولیس کی بھاری نفری نے احتجاجی وکلا پر لاٹھی چارج کر دیا اور آنسو گیس کا بھرپور استعمال کیا۔