حکومت پسماندہ طبقے کی بحالی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ، ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ 

حکومت پسماندہ طبقے کی بحالی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ، ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ 

 اسلام آباد : وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہاہے کہ حکومت پسماندہ طبقے کی بحالی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،اقتصادی ترقی کیلئے نجی شعبہ کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔

انہوں نے یہ بات ہفتہ کوکراچی میں اوورسیز انویسٹرز چیمبر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ جب حکومت اقتدارمیں آئی توملک مشکل اقتصادی حالات کا سامناکررہاتھا، زرمبادلہ کے ذخائر کم تھے،بیرونی ادائیگیوں میں مشکلات کاسامناتھا، ان حالات میں معاشی بحالی کے لیئے حکومت نے سخت فیصلے کئے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے بچت اورکفایت شعاری کا راستہ اختیارکیاہے اور 2 سالوں میں حکومتی اخراجات میں 5 ہزار ارب روپے کی بچت کی گئی۔گزشتہ مالی سال میں حکومت نے کوئی ضمنی گرانٹ نہیں دی۔

انہوں نے کہاکہ کاروبارمیں آسانیوں کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ، حکومت معاشی ترقی کے لیئے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کر ر ہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ برآمدات کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کاسلسلہ جاری ہے، برآمدات کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔حکومت نے برآمدات میں اضافے کے لیئے متعدد مراعات دیں،اسی طرح کاروبار میں آسانی کے لیئے متعدد پالیسیاں مرتب کی گیئں۔

وزیراعظم کے مشیرنے کہاکہ معاشرے کے غریب اورکمزورطبقات کوامدادفراہم کرنا ضروری ہے،حکومت نے پسماندہ طبقے کی بحالی پہ خصوصی توجہ دی ہے۔ کورونا وائرس کی وبا میں غریب طبقے کیلئے خصوصی کیش گرانٹ پروگرام کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ کورونا سے نمٹنے کے لیئے پاکستان کے اقدامات کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔ مشیرخزانہ نے کہاکہ کورونا کی وجہ سے مجموعی ترقی کی شرح اور ٹیکس محاصل میں کمی ہوئی ہے۔