محکمہ موسمیات نے ملک میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی

محکمہ موسمیات نے ملک میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی
کیپشن: فوٹو بشکریہ بیوٹی فل لاہور فیس بک پیج

 لاہور: محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی، بارش کا یہ سلسلہ جمعرات تک جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور ڈویژن، کوئٹہ، قلات، مکران، سکھر، لاڑکانہ، بنوں، ڈی آئی خان اور کشمیر میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کیساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کر دی۔ ملک میں رمضان المبارک میں موسم رنگ بدلنے لگا، کہیں بادلوں کے ڈیرے تو کہیں سورج سوا نیزے پر، مختلف شہروں میں وقفے، وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بادل برسے۔

اسلام آباد، لاہور، کامونکی، سرگودھا، چنیوٹ، حافظ آباد، شیخوپورہ، فیصل آباد سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بارش، گرمی کی شدت میں کمی، روزہ دار خوش ہوگئے۔ کرک، مٹہ، اور بونیر سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بادلوں نے رنگ جما دیا، کوئٹہ اور گردونواح میں شدید آندھی اور طوفانی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ کوئٹہ، قلات، بارکھان سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں بارش کی پیش گوئی۔ سندھ کے متعدد علاقوں میں گرمی کے وار جاری،

سب سے زیادہ سکھر میں پارہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ پر رہے گا، گرم اور خشک ہوائیں بھی چلیں گی۔ کراچی میں درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان۔