ملک بھر میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل شروع

ملک بھر میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل شروع
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد:ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی 35 نشستوں پر ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل شروع ہوگیا ہے۔


قومی اسمبلی کی 11 اور صوبائی اسمبلی کی 24 نشستوں پر ضمنی انتخابات کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔تمام حلقوں کے پولنگ اسٹیشنوں پر بیلٹ پیپر، بیلٹ باکس سمیت دیگر سامان پاک فوج کی نگرانی میں پہنچادیا گیا۔ پولنگ عملہ بھی اپنے فرائض انجام دینے کے لیے پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچ چکا ہے۔ پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔


اسلام آباد کی نشست سمیت پنجاب میں قومی اسمبلی کی 9، سندھ اور خیبرپختونخوا میں قومی اسمبلی کے ایک ایک حلقہ پر پولنگ ہوگی۔پنجاب اسمبلی کی 11، سندھ اور بلوچستان کی دو دو جبکہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے 9 حلقوں میں ضمنی انتخابات ہوں گے۔


مجموعی طور پر 35 حلقوں میں 92لاکھ 83 ہزار 74 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن کیلئے 7 ہزار 489 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ ایک ہزار 727 پولنگ اسٹیشن کوحساس قرار دیا گیا ہے۔
پنجاب کے حلقہ پی پی 87 میانوالی اور پی پی 296 راجن پور پر امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوگئے ہیں۔


پولنگ سٹیشن جانے سے قبل ووٹرز ز اپنے ووٹ کی معلومات قومی شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کر کے حاصل کر سکتے ہیں۔موبائل فون، کیمرہ اور تصویر کھینچنے والی ڈیوائس پولنگ اسٹیشن کے اندر لے جانے کی ممانعت ہے، ووٹرز اصل شناختی کارڈ ہمراہ نہ لائے تو ووٹ کاسٹ نہیں کر سکیں گے۔زائد المیعاد اصل شناختی کارڈ پر بھی ووٹ ڈالا جا سکتا ہے ، میڈیا بھی صرف جن کے پاس اجازت نامہ ہیں وہ کیمرہ لے جا سکتے ہیں موبائل فون کی اجازت ہر گز نہیں ہوگی۔

ترجمان الیکشن کمیشن ندیم قاسم کے مطابق ضمنی انتخابات میں پہلی بار 7 ہزار 364 سمندر پار پاکستانی آئی ووٹنگ کے ذریعے حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ کیونکہ یہ پائلٹ پراجیکٹ ہے اس لیے اگر اس میں کوئی تکنیکی مسئلہ نہ آیا تو الیکشن کمیشن کی منظوری کے بعد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹوں کو گنتی میں شامل کیا جا سکتا ہے ورنہ ان کو گنتی میں شامل نہیں کیا جائے گا۔


خیال رہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی مجموعی طور پر 35 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں، جن میں قومی اسمبلی کے 11 اور صوبائی اسمبلیوں کے 24 حلقے شامل ہیں۔