لاہور : پنجاب میں آلودگی کے خاتمے اور ماحول کے تحفظ کے لیے ایک تاریخی قدم اٹھا لیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کی پہلی ماحولیاتی تحفظ فورس کی بنیاد رکھ دی۔ اس موقع پر لاہور میں فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیراعلیٰ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
تقریب کے دوران پرچم کشائی کی گئی، قومی ترانہ بجایا گیا اور ماحولیاتی تحفظ فورس کے ویجیلینس اسکواڈ نے وزیراعلیٰ کو سلامی پیش کی۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ فورس کا قیام وقت کی اہم ضرورت تھی، جو وزیراعلیٰ مریم نواز کے ماحول دوست وژن کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں کسی حکومت نے ماحولیاتی تحفظ کو اتنی اہمیت نہیں دی، لیکن موجودہ حکومت نے اس شعبے کو اولین ترجیح بناتے ہوئے فورس کے قیام کے ساتھ ساتھ اس کے لیے وسائل بھی فراہم کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ محض ایک سال میں وزیراعلیٰ کے وژن کو عملی شکل دی گئی ہے، اور یہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے خطیر بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ فورس کو جدید ٹیکنالوجی اور آلات سے لیس کیا گیا ہے تاکہ وہ مؤثر انداز میں آلودگی پر قابو پا سکے۔