حج پالیسی 2024 کا اعلان، پیکج میں ایک لاکھ روپے کی کمی

حج پالیسی 2024 کا اعلان، پیکج میں ایک لاکھ روپے کی کمی
سورس: File

اسلام آ باد: نگران حکومت نے آئندہ سال کی حج پالیسی کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت ہر حاجی کیلئے حج پیکج میں ایک لاکھ روپے تک کی کمی کر دی گئی ہے۔

مذہبی امور کے وفاقی وزیر انیق احمد نے آج(جمعرات) اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس میں نئی حج پالیسی کی اہم خصوصیات بتاتے ہوئے کہا کہ سرکاری سکیم کے تحت آئندہ سال کیلئے حج اخراجات دس لاکھ75 ہزار روپے کر دیئے گئے ہیں جو رواں سال گیارہ لاکھ75 ہزار روپے تھے۔

وزیر مذہبی امور نے حج پالیسی کا اعلان  وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2024 میں ترامیم کی منظوری کے بعد کیا، جس کے تحت دس برس سے کم عمر کے بچے بھی حج کی ادائیگی کے اہل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے ایک لاکھ اناسی ہزار دو سو دس افراد کا حج کوٹہ ہے جو سرکاری اور نجی سکیموں میں مساوی تقسیم کیا جائے گا۔

انیق احمد نے کہا کہ حج  2024 ڈیجیٹلائزڈ  ہو گا جس میں عازمین حج ایک موبائل ایپلی کیشن حاصل کریں گے جو انٹرنیٹ کے بغیر استعمال کی جا سکتی ہے۔ اس ایپ میں شکایات درج کرانے سمیت بہت سے آپشنز ہوں گے۔ حاجی کوموبائل کے استعمال کیلئے 7 جی بی ڈیٹا  دیا جائےگا

انہوں نے کہا کہ حج درخواستیں اس ماہ کی ستائیس تاریخ سے وصول کی جائیں گی اور یہ عمل اگلے ماہ کی بارہ تاریخ تک جاری رہے گا۔ اس حوالے سے اشتہار جلد شائع کیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا  کہ ڈالر کے ذریعے حج اسپانسر کرنے والے قرعہ اندازی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

مذہبی امور کے وزیر نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ منصوبے میں اسلام آباد ایئر پورٹ کے علاوہ کراچی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سعودی عرب سے لاہور کو بھی اس منصوبے میں شامل کرنے کی درخواست کی ہے۔

مصنف کے بارے میں