بانی پی ٹی آئی کی بشریٰ بی بی سے ملاقات نہ کرانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل ذاتی حیثیت میں طلب

بانی پی ٹی آئی کی بشریٰ بی بی سے ملاقات نہ کرانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل ذاتی حیثیت میں طلب

اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بشریٰ بی بی سے ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کی درخواست پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا گیا ہے۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی زیرصدارت کیس کی سماعت میں عمران خان کے وکیل فیصل فرید چودھری نے عدالت کو آگاہ کیا کہ 28 جنوری کو جیل سپرنٹنڈنٹ نے بشریٰ بی بی سے ملاقات کے حوالے سے عدالت میں بیان دیا تھا، مگر اس کے باوجود ملاقات کرانے میں ناکامی رہی۔ وکیل نے مزید کہا کہ عدالتی حکم پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا۔

عدالت نے سٹیٹ کونسل کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس عدالت کے حکم پر عمل کیوں نہیں کیا گیا اور لاء افسران اس آرڈر پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 27 فروری تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ بشریٰ بی بی سے ملاقات نہ کرانے پر عمران خان نے 8 فروری کو سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔

مصنف کے بارے میں