دونوں ملک ایٹمی طاقت،جنگ کا سوچنا بھی بے وقوفی ہے، فواد چودھری

دونوں ملک ایٹمی طاقت،جنگ کا سوچنا بھی بے وقوفی ہے، فواد چودھری
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: گزشتہ روز بھارتی آرمی چیف بپن راوت کی جانب سے پاکستان کو جنگ کی دھمکی کے بعد پاکستان کی جانب سے بھی ردعمل کا سلسل جاری ہے اور اب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاک بھارت جنگ کا سوچنا بھی بے وقوفی ہے اور بھارتی حکومت کو مذاکرات پر واضح فیصلہ کرنا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی اخبار کو دیئے گئے انٹرویو میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام حل طلب مسائل پر مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم بھارت کو پاکستان سے مذاکرات پر واضح فیصلہ کرنا ہوگا جب کہ جنگ اور دشمنی کسی مسئلے کا حل نہیں ہے۔وفاقی وزیراطلاعات کا مزیدکہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اصل مسئلہ کشمیر کا ہے، بھارتی سیاست دان پاکستان مخالف نعرے لگا کر انتخابات میں فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بلوچستان میں بھارتی دہشت گردی پر تشویش ہے، جاسوس کلبھوشن یادیو کی گرفتاری پاکستان میں بھارتی مداخلت کا ثبوت ہے۔


فواد چودھری نے کہا کہ مسائل کے حل کا ایک راستہ جنگ ہے، لیکن دونوں ملک ایٹمی طاقت ہیں اس لیے جنگ کے بارے میں سوچنا بھی بے وقوفی ہے، دوسرا راستہ مذاکرات کا ہے جہاں بیٹھ کر مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے۔