اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملکی دفاع میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فوجی افسران کو اعزازات سے نوازا۔ ایوان صدر میں ہونے والی ایک خصوصی تقریب میں قومی ترانے کی دھن کے ساتھ اعزازات کی تقسیم کا آغاز کیا گیا۔
کیپٹن سید عامر رضا کو بے مثال بہادری اور فرض شناسی پر ستارہ بسالت سے نوازا گیا، جبکہ ایئر مارشل محمد سرفراز، ایئر مارشل کاظم حماد، اور ایئر مارشل شکیل غضفر سمیت کئی میجر جنرلز اور دیگر سینئر افسران کو ہلال امتیاز (ملٹری) عطا کیا گیا۔
یہ اعزازات ملکی دفاع میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف کے طور پر دیے گئے۔ تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور دیگر اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔