خواجہ آصف نے آج پارلیمنٹ اجلاس میں اپوزیشن ارکان کی حاضری ٹویٹ کردی

خواجہ آصف نے آج پارلیمنٹ اجلاس میں اپوزیشن ارکان کی حاضری ٹویٹ کردی

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے آج کے پارلیمنٹ اجلاس میں اپوزیشن ارکان کی حاضری ٹوئٹر پر شیئر کردی ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں خواجہ آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ اپوزیشن کے 162 میں سے 159 ارکان حاضر تھے ، مسلم لیگ ن کے 84 میں 84 ارکان حاضر تھے  جبکہ پیپلز پارٹی  کے 56 میں سے 55 ارکان حاضر تھے ، ایم ایم اے کے 15 میں سے 14 ارکان اور اے این پی کا ایک رکن حاضر تھا ۔ اسی طرح بی این پی کے 4 میں سے 4 ارکان حاضر تھے  اور اپوزیشن کیساتھ 2 آزاد ارکان میں سے ایک رکن حاضر  تھا۔

واضح رہے کہ  آج قومی اسمبلی اجلاس کے ایجنڈا میں وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد کو بھی شامل کیا  گیا تھا  تاہم اجلاس ملتوی ہونے کے باعث عدم اعتماد پر پیش رفت نہ ہو سکی۔آج   اجلاس میں مرحوم اراکین اسمبلی، سابق صدر رفیق تارڑ، سینیٹر رحمان ملک سمیت  پشاور مسجد دھماکے کے شہداء  کیلئے فاتحہ خوانی اور  دعائے مغفرت کی گئی۔وفاقی وزیر پیر نور الحق قادری کی جانب سے دعائے مغفرت کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس پیر 28 مارچ شام 4 بجے تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کوئی معزز ایم این اے وفات پا جائے تو اجلاس ملتوی کرنا روایت ہے اور ماضی میں بھی اسمبلی اجلاس 24 بار ملتوی کیا گیا ہے۔

اجلاس ملتوی کیے جانے پر اپوزیشن نے شور شرابا بھی کیا ۔  اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈر  شہباز شریف نے مائیک پر بولنے کی کوشش کی تاہم سپیکر قومی اسمبلی نے انہیں بولنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

مصنف کے بارے میں