لاہور: قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے چیمپئنز ٹرافی کے آٹھویں میچ میں افغانستان کی انگلینڈ کے خلاف بیٹنگ جاری ہے، جہاں 5 وکٹوں کے نقصان پر اسکور 212 رنز تک پہنچ چکا ہے۔ ابراہیم زدران کی شاندار سنچری نے افغان بیٹنگ لائن کو مشکلات سے نکال لیا۔
میچ کے چوتھے اوور کی پہلی گیند پر افغانستان کی پہلی وکٹ 11 رنز پر گری، جب رحمٰن اللہ گرباز 6 رنز بنا کر جوفرا آرچر کی گیند پر بولڈ ہو گئے، جبکہ اسی اوور میں صدیق اللہ اتل 4 رنز پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
افغانستان کی تیسری وکٹ 37 کے مجموعی اسکور پر گری جب رحمت شاہ 4 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ 40 رنز بنانے والے حشمت اللہ شاہدی کو عادل رشید نے بولڈ کیا، جبکہ عظمت اللہ عمر زئی 41 رنز بنا کر اوورٹن کی گیند پر متبادل کھلاڑی بینٹن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
ابتدائی جھٹکوں کے باوجود اوپنر ابراہیم زدران نے 106 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے شاندار سنچری اسکور کی۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں اپنا پہلا میچ ہار چکی ہیں، اور اگلے مرحلے میں رسائی کے لیے آج کا میچ جیتنا ضروری ہے، شکست خوردہ ٹیم ایونٹ سے باہر ہو جائے گی۔
افغانستان: ابراہیم زدران، رحمٰن اللہ گرباز، صدیق اللہ اتل، رحمت شاہ، حشمت اللہ شاہدی، عظمت اللہ عمرزئی، محمد نبی، گلبدین نائب، راشد خان، نور احمد، فضل حق فاروقی۔
انگلینڈ: فل سالٹ، بین ڈکٹ، جیمی اسمتھ، جو روٹ، ہیری بروک، جوز بٹلر، لیام لیونگسٹن، جیمی اوورٹن، جوفرا آرچر، عادل رشید، مارک ووڈ۔