پاکستان جیسی کٹ پر شائقین کی تنقید،بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کی شرٹ تبدیل کردی گئی

پاکستان جیسی کٹ پر شائقین کی تنقید،بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کی شرٹ تبدیل کردی گئی
کیپشن: تصویر بی سی بی ٹوئٹر

ڈھاکہ :ورلڈ کپ کے لیے پاکستان جیسی ٹیم کٹ پر بنگلہ دیش میں تنازع کھڑا ہوگیا ۔بی سی بی صدر نظم الحسن کہتے ہیں یونیفارم میں بنگلہ دیش صاف دکھائی دیتا ہے ، جسے نہیں دکھتا وہ پاکستان میں جا کر رہے ۔

دوسری طرف بی سی بی صدر نے آئی سی سی سے یونیفارم میں تبدیلی کی درخواست بھی کر دی ، جسے آئی سی سی نے مان لیا۔یاد رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ 2019 کے لیے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی ایک تصویر ورلڈکپ میں پہنی جانے والی جرسی میں منظر عام پر آئی جس پر بنگلا دیشی فینز نے شدید تنقید کی ۔بنگلہ دیش کے عوام نے نکتہ اٹھایا کہ بنگلہ دیش کے قومی جھنڈے میں سبز رنگ کے ساتھ لال رنگ کا دائرہ بھی ہے اس لیے قومی ٹیم کی جرسی میں بھی سبز کے ساتھ لال رنگ بھی ہونا چاہیے تھا۔

عوام کے شدید دباؤ کے بعد بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے رابطہ کیا اور اپیل کی کہ جرسی میں لال رنگ کا اضافہ کیا جائے۔بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی نئی وردی میں لال رنگ کا اضافہ کردیا گیا ہے، اور ٹی شرٹ میں سینے پر لال رنگ کے درمیان بنگلہ دیش لکھا گیا ہے۔

بنگلہ دیش میں کھیلوں کی مشہور ویب سائٹ 'کرک انفو' کے نمائندے محمد اسلام نے بنگال ٹائیگرز کی نئی جرسی کی تصویر شیئر کی جو بنگلہ دیشی شائقین کرکٹ کو بے حد پسند آرہی ہے جب کہ بعض کا کہنا ہے کہ پہلے منتخب کردہ جرسی میں بھی کوئی خامی نہیں تھی۔