’پیسہ چلا ہے‘ علی محمد خان بھی میدان میں آ گئے

’پیسہ چلا ہے‘ علی محمد خان بھی میدان میں آ گئے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءاور وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ےہ کہ سینیٹ انتخابات میں پیسہ چلا ہے ورنہ خاتون کی سیٹ بھی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) والے جیتتے۔ 
تفصیلات کے مطابق علی محمد خان نے سینیٹ انتخابات کے نتائج سامنے آنے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا ’پیسہ چلا ہے ورنہ خاتون کی سیٹ بھی پی ڈی ایم والے جیتتے۔ عمران خان کے اوپن بیلٹ کے بیانیہ کی جیت ہوئی ہے اور پی ڈی ایم کے بیانیہ ووٹ کو عزت دو کی ہار ہوئی ہے، خفیہ ووٹ کے ذریعے۔ جہاں پیسہ نہیں چلا وہاں خاتون کی سیٹ پی ٹی آئی جیت گئی اور جہاں پیسہ چلا وہاں پیسہ جیتا۔‘ 


واضح رہے کہ سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد کی جنرل نشست پر یوسف رضا گیلانی کامیاب ہوگئے ہیں، ریٹرننگ افسر کے مطابق 340 ووٹ کاسٹ ہوئے جن میں سے یوسف رضا گیلانی نے 169 ووٹ حاصل کئے اور حفیظ شیخ نے 164 ووٹ حاصل کئے جبکہ ریٹرننگ افسر کے مطابق 7 ووٹ مسترد ہوئے اور یوں یوسف رضا گیلانی حفیظ شیخ کو پانچ ووٹوں سے شکست دے کر اسلام آباد سے سینیٹر منتخب ہوگئے۔