23سالہ نوجوان مقدونیا میں ٹرین کی زد میں آکر ہلاک

23سالہ نوجوان مقدونیا میں ٹرین کی زد میں آکر ہلاک
کیپشن: Image Source: File Photo

گجرات : 23سالہ نوجوان عمران  مقدونیا میں ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہو گیا۔ ایک ہفتے بعدبھی نعش کی پاکستان منتقلی کےاقدامات نہ ہوسکے، بوڑھے ماں ، باپ کی حکومت پاکستان سے بیٹے کی نعش پاکستان بھیجنے کیلئےتعاون کی اپیل ۔

تفصیلات کے مطابق ، گجرات کے نواحی گاؤں مچھیانہ سے تعلق رکھنے والا 23 سالہ نوجوان عمران عباس مقدونیا میں ٹرین کی زد میں آکر جان کی باز ی ہار گیا۔مران عباس چار برس قبل پاکستان سے ترکی گیا اور سات ماہ قبل ترکی سے یونان پہنچا تھا۔  عمران عباس یونان سے اٹلی جانے کا ارادہ رکھتا تھا مگر 29 ستمبر کو مقدونیا میں ٹرین کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا۔

 

عمران عباس کے والد محمد اسلم و دیگراہل خانہ نے وزیر اعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز ذوالفقار بخاری سے اپیل کی ہے کہ ان کے بیٹے کی نعش کو پاکستان واپس لانے میں مدد کی جائے۔

 

 لواحقین کا کہنا ہے کہ  کئی روز گزر جانے کے باوجود یونان میں موجود پاکستانی سفارت خانہ ان کے ساتھ تعاون نہیں کررہا۔ عمران عباس کے والد محمد اسلم نے بتایا کہ  میرے پاس وسائل نہیں کہ اپنے بیٹے کے نعش کو پاکستان  لانے کیلئے اقدامات کرسکیں۔

یونان میں قائم پاکستانی سفارت خانےنے اس حوالےسے کوئی معلومات فراہم نہیں کی۔ مچھیانہ کی سماجی  شخصیت  شاہ جہاں نے بتایا  ہے کہ   انکے بیٹے کیساتھ حادثہ  29 ستمبر نہیں 27 ستمبر کو پیش آیا تھا ۔مگر  پاکستان میں عمران عباس کے اہل خانہ کو حادثہ کی  اطلاع 29 ستمبر کو ملی ۔

مچھیا نہ سےہی  تعلق رکھنے والے نوجوان عامر نیاز نے بتایا کہ  عمران  عباس کیساتھ جب یہ حادثہ پیش آیا تو اسوقت  عمران عباس کیساتھ اسکا دوست رفع اللہ بھی موجود تھا جو اب مقدونیا میں  پولیس کی تحویل میں ہے۔

 

اس واقعے کے بعد پورے گاؤں میں سوگ کی صورتحال ہے ۔اہل علاقہ کا حکومت پاکستان سے مطالبہ ہے کہ عمران عباس کی نعش کو پاکستان لانے کیلئے فوری اقدامات کیے جائے ۔