افغانستان کے حکمران طالبان وعدے کے مطابق دہشتگرد کاروائیوں کو روکیں :شیخ رشید 

Sheikh Raseed, Afghanistan Border, Pakistan Security Forces

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سرحد پار سے پاک فوج پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے افغان طالبان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ وعدے کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کریں ۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ  پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کے جذبہ قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،  فورسز کی وطن کے لیے قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ 

انہوں نے دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور افغانستان کے حکمران طالبان سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے وعدے کے مطابق دہشت گردوں کی کارروائیاں روکیں۔


واضح رہے  پاک افغان بارڈر پر دہشت گردوں کی سرحد پار سے فائرنگ سے 5 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے ہیں،آئی ایس پی آر کے مطابق افغانستان سے دہشت گردوں نے سرحد پار پاکستانی سیکیورٹی اہلکاروں پر  ضلع کرم میں  فائرنگ کی ۔سیکیورٹی اہلکاروں کی طرف سے فائرنگ کا بھرپور جواب دیا گیا۔  دہشت گردوں کو بھی سخت جانی نقصان پہنچا ہے۔

 آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے پاکستان دہشت گردوں کی طرف سے افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتا ہے۔  توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت مستقبل میں پاکستان کے خلاف اس قسم کی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دے گی۔   پاکستان آرمی دہشت گردی کی لعنت کے خلاف ملکی سرحدوں کے دفاع کے لئے پرعزم ہے  ہمارے بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں اس عزم صمیم کا عکاس ہیں۔

افغانستان سے دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں  لانس نائیک عجب نور، سپاہی ضیااللہ، سپاہی ناہید اقبال ،سپاہی ساجد علی اورسپاہی سمیر اللہ خان بھی شامل ہیں۔ 

مصنف کے بارے میں