قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا ریکارڈ خطرے میں پڑ گیا

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا ریکارڈ خطرے میں پڑ گیا
کیپشن: قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا ریکارڈ خطرے میں پڑ گیا
سورس: فائل فوٹو

لاہور: قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں تیز ترین 1000 رنز مکمل کرنے کا ریکارڈ ٹوٹنے کے قریب ہے۔

ا قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹی ٹوینٹی کرکٹ کی 26 اننگز میں 1000 رنز کا سنگ میل عبور کرتے ہوئے عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا تھا تاہم اب یہ ریکارڈ خطرے میں ہے اور ڈیوڈ میلان کے پاس ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین 1000 رنز مکمل کرنے کا بہترین موقع ہے۔

انگلش بیٹسمین ڈیوڈ میلان ٹی ٹوینٹی کی صرف 19 اننگز میں 855 رنز اسکور کر چکے ہیں اور جمعہ کو شروع ہونے والی بھارت کے خلاف سیریز میں مزید 145 رنز بنا کر بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ سکتے ہیں۔ پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ویرات کوہلی کو اس ریکارڈ سے محروم کیا تھا اور انہوں نے 27 اننگز میں 1000 رنز مکمل کیے تھے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے نئی ٹی 20 رینکنگ جاری کی گئی جس کے مطابق بلے بازوں میں ڈیوڈ میلان پہلے نمبر پر موجود ہیں جب کہ 2 درجے ترقی کے ساتھ ایرون فنچ دوسرے جب کہ بھارت کے لوکیش راہول ایک درجے ترقی کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی ایک درجے تنزلی ہوئی ہے اور وہ تیسرے سے چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں۔ اس کے علاوہ راسی وین ڈر ڈوسین پانچویں، ویرات کوہلی چھٹے، گلین میکسویل ساتویں، مارٹن گپٹل آٹھویں، حضرت اللہ زازئی نویں اور ایون مورگن دسویں نمبر پر ہیں۔

بولرز میں افغانستان کے راشد خان پہلے، تبریز شمسی دوسرے، مجیب الرحمان تیسرے نمبر پر ہیں، کوئی پاکستانی ٹاپ ٹین میں شامل نہیں، آل رائونڈرز میں محمد نبی سرفہرست ہیں۔