بارشوں کا نیا سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی نے کھلبلی مچادی

بارشوں کا نیا سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی نے کھلبلی مچادی

آج راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔

لاہور میں گذشتہ رات سے ہونے والی بارش نے موسم کی دلکشی میں اضافہ کر دیا، دسمبر کی پہلی بارش سے موسم سرد ہوگیا۔ صبح سویرے آسمان پر کالے بادلوں نے ڈیرے ڈال لیے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ آئندہ 2 روز تک جاری رہے گا۔ آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 10 سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 15 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ملتان، سکھر، روہڑی اطراف کے علاقوں میں بھی صبح کے وقت شروع ہونیوالی ہلکی بارش کا سلسلہ دن بھر جاری رہا اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ خضدار اور مضافاتی علاقوں میں بھی بارش ہوئی جبکہ سردی بڑھتے ہی خشک میوہ جات کی فروخت میں بھی اضافہ ہوگیا۔ آج راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ مری، گلیات، شمالی علاقہ جات میں برفباری ہوگی۔محکمہ موسمیات کےمطابق بلوچستان کے بیشترعلاقے شدید سردی کی لیپٹ میں ہیں۔ قلات، کوئٹہ اور دالبندین میں پارہ بدستور نقطہ انجماد سے نیچے ہے۔ زیارت میں اس وقت سب سے زیادہ سردی پڑ رہی ہے۔ زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 9 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ قلات میں کم ازکم درجہ حرارت منفی 8، کوئٹہ منفی 7 اور دالبندین میں منفی 3 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔