اپوزیشن غیر ملکی اشاروں پر ناچ رہی ہے، شاہ محمود قریشی

اپوزیشن غیر ملکی اشاروں پر ناچ رہی ہے، شاہ محمود قریشی
کیپشن: اپوزیشن غیر ملکی اشاروں پر ناچ رہی ہے، شاہ محمود قریشی
سورس: فائل فوٹو

ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا اپوزیشن غیر ملکی اشاروں پر ناچ رہی ہے اور اسے ملک میں افرا تفری پھیلانے کا ٹاسک ملا ہوا ہے لیکن اپوزیشن کو ناکامیوں کے سوا کچھ نہیں ملنا اور میں نے پہلے دن کہا تھا پی ڈی ایم اے استعفوں سمیت بہت سے معاملات میں اختلاف پایا جاتا ہے جو سامنے آ رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ معیشت کے استحکام اور بڑھوتری کیلئے ہمارے دعویٰ سچ ثابت ہو رہے ہیں اور اے ڈی بی کی حالیہ رپورٹ ہمارے اقدامات کی توثیق ہے کیونکہ ایک ماہ کے دوران چینی کی اوسط قیمت میں 31 روپے فی کلو کمی ہوئی جو کہ خوش آئند بات ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم مہنگائی کے خاتمے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں جس کیلئے ہمیں ایک بہت بڑے مافیا سے مقابلہ کرنا پڑ رہا ہے۔ انشا ءاللہ ہم جلد مہنگائی پر قابو پا لیں گے۔ انہوں نے کہا کورونا کی دوسری لہر کی شدت میں تیزی آ گئی ہے عوام ایس او پیز پر عمل کریں جبکہ حکومت کی خواہش ہے کورونا کے دوران قیمتی انسانی جانوں کو بھی بچایا جائے اور ملکی ترقی کا پہیہ بھی چلتا ہے۔ ہماری حکومت کے اقدامات کی بدولت وبا کی دوسری لہر کے دوران انشاءاللہ ملکی معیشت متاثر نہیں ہو گی۔ 

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا بھارت میں انسانی حقوق کیخلاف ورزی اور نہتے کشمیریوں جو ظلم کیا جا رہا ہے اس حوالے سے بھارت کا چہری پوری دنیا کے سامنے عیاں کر دیا ہے۔ بھارت مقبوضہ جموں کشمیر میں عالمی قوانین، عالمی انسانی حقوق، عالمی قراردادوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ بھارت کی پالیسیوں اور ہندوتوا سوچ کے خلاف آوازیں بھارت کے اندر سے اٹھ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا ہم دنیا کو بھارت کے مذموم مقاصد سے آگاہ کرتے آ رہے ہیں اور بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے کسی بھی جارحیت کا بھر پور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ کشمیر کی آواز ایک خطے کی نہیں بلکہ عالمی آواز بن چکی ہے اور بھارت جس عالمی فورم پر جائے گا وہاں اسے نہتے کشمیریوں کی آواز گونجتی دکھائی دے گی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری انسانی حقوق کی پاسداری کویقینی بنائے اور بھارت کی غیر قانونی بر بریت کو رکوانے اور کشمیریوں کو جبر و اسبتداد سے نجات دلانے کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالے۔