افغانستان کی ترقی دونوں ہمسایہ ممالک کے اپنے مفاد میں ہے :آرمی چیف

افغانستان کی ترقی دونوں ہمسایہ ممالک کے اپنے مفاد میں ہے :آرمی چیف
کیپشن: ترقی کرتا افغانستان پاکستان اور اس کے اپنے بہترین مفاد میں ہے، آرمی چیف
سورس: فوٹو/اسکرین گریب

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ  سے چیئرمین حزب وحدت اسلامی افغانستان محمد کریم خلیلی نے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی ، خطے میں امن واستحکام کے امور پر گفتگو ہوئی جبکہ افغان امن عمل میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے جبکہ ترقی کرتا افغانستان پاکستان اور اس کے اپنے بہترین مفاد میں ہے۔ 

اس سے قبل وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین گہرے تاریخی اور یکساں ثقافتی و تہذیبی اقدار پر استوار برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان کا شروع سے یہی موقف رہا ہے کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے افغان حزب وحدت اسلامی کے رہنما محمد کریم خلیلی کی وفد کے ہمراہ وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے بات چیت کے دوران کیا۔ ملاقات میں افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا میں آپ کو اور آپ کے وفد کو وزارت خارجہ آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں۔ انہوں نے کہا پاکستان اور افغانستان کے مابین گہرے تاریخی اور یکساں ثقافتی و تہذیبی اقدار پر استوار برادرانہ تعلقات ہیں ۔ پاکستان کا شروع سے یہی موقف رہا ہے کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں انہوں نے کہا افغان قیادت کو قابل قبول جامع سیاسی مذاکرات ہی اس مسئلے کا واحد حل ہے۔

افغان حزب وحدت اسلامی افغانستان کے سربراہ محمد کریم خلیلی نے پرتپاک خیر مقدم پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے افغان امن عمل میں پاکستان کے مصالحانہ کردار کو سراہا ۔ انہوں نے گذشتہ کئی دہائیوں سے افعان مہاجرین کی میزبانی پر بھی پاکستان کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔