جاپان نے پاکستان اور بھارت سمیت 152 ممالک کے مسافروں پر پابندی عائد کر دی

جاپان نے پاکستان اور بھارت سمیت 152 ممالک کے مسافروں پر پابندی عائد کر دی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ٹوکیو: جاپان نے عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے باعث پاکستان اور بھارت سمیت 152 ممالک کے مسافروں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ 
جاپانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کورونا وائرس کی نئی قسم کے تیزی سے پھیلنے پر یہ فیصلہ کیا گیا اور اس فیصلے کے تحت پاکستان، بھارت اور دیگرکئی ملکوں کے مسافروں کے داخلے پر پابندیوں کااطلاق کل سے ہو گا۔ 
وزارت خارجہ جاپان کے مطابق جاپان کے مستقل رہائشی، ورکنگ ویزا رکھنے والے غیر ملکی بھی داخل نہیں ہوسکیں گے اور صرف جاپانی شہریوں کو ہی جاپان میں داخلے کی اجازت ہو گی۔ 
واضح رہے کہ اس سے قبل متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، کویت اور تھائی لینڈ نے بھی پاکستان سمیت متعدد ممالک کے مسافروں کی اپنے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ کویت اور تھائی لینڈ نے کورونا وائرس کے پیش نظر پاکستان، بنگلہ دیش، نیپال اور سری لنکا سے آنے والے مسافروں پر پابندی عائد کی۔ 
متحدہ عرب امارات نے کورونا وباءکے باعث پاکستان، نیپال اور سری لنکا سے آنے والے مسافروں پرپابندی لگانے کا اعلان کیا جس کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا۔ یو اے ای حکام کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں کہا گیا کہ کارگو فلائٹس، اماراتی شہریوں، سفارتی مشنز، سرکاری وفود، گولڈن ویزا ہولڈرز اور تاجروں کے طیاروں کو پابندی سے استثنیٰ حاصل ہو گا۔