چیئرمین این ڈی ایم اے کورونا وائرس کا شکار ہو گئے

Pakistan,Chairman NDMA, Muhammad Afzal
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا بھی وبا کا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔ ان کا ٹیسٹ آٹھ نومبر کو لیا گیا تھا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کی دوسری لہر کی وجہ سے پاکستان میں کیسز میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ 

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 808 افراد کے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔ 

ملک بھر میں وبا کے 36 ہزار 686 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے سندھ میں گیارہ ہزار سے زائد ٹیسٹ کئے گئے جبکہ پنجاب میں تیرہ ہزار 545، خیبرپختونخوا میں تین ہزار 303، اسلام آباد میں چھ ہزار 879 جبکہ بلوچستان میں چار سو سے زائد۔ گلگت بلتستان میں 300 سے زائد اور آزاد کشمیر میں ساڑھے نو سو سے زائد ٹیسٹ شامل ہیں۔

ملک بھر میں اب تک وبا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد تین لاکھ بیس ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔ ملک بھر میں مثبت کیسز کی تعداد بائیس ہزار 88 ہے۔

ملک بھر میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد تین لاکھ انچاس ہزار 992 ہے جن میں سے آزاد کشمیر میں پانچ ہزار 41، بلوچستان میں سولہ ہزار سے زائد، گلگت بلتستان میں چار ہزار 409 ، اسلام آباد میں بائیس ہزار سے زائد ، خیبر پختونخوا میں اکتالیس ہزار 258، پنجاب میں ایک لاکھ  آٹھ ہزار 221 اور سندھ میں ایک لاکھ باون ہزار 72 مریض ہیں۔