لاک ڈاؤن کا اطلاق مساجد پر نہیں ہوگا, علمائے کرام

 لاک ڈاؤن کا اطلاق مساجد پر نہیں ہوگا, علمائے کرام
کیپشن: Image Source: File Photo

کراچی: پاکستان کے جید علمائے کرام نے اعلان کیا ہے کہ لاک ڈاؤن کا اطلاق مساجد پر نہیں ہوگا۔ باجماعت نماز، باجماعت تروایح اور باجماعت نماز جمعہ کا اہتمام کیا جائے گا۔

 

تفصیلات کے مطابق ، مفتی منیب الرحمان نے کراچی میں مفتی تقی عثمانی، علامہ راشد سومرو، محمد حسین محنتی اور مولانا انس نورانی سمیت دیگر مکتبہ فکر کے علمائے کرام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کریں لیکن اپنے زمینی حقائق بھی دیکھیں، اس لیے اب لاک ڈاؤن کا اطلاق مساجد پر نہیں ہوگا۔

 

انہوں نے کہا کہ تمام مساجد میں نماز باجماعت، نماز جمعہ اور رمضان المبارک میں نماز تراویح اور اعتکاف سمیت تمام عبادات کا سلسلہ جاری رہے گا تاہم جو بزرگ اور بیمار ہیں مسجد نہ آئیں۔

 

انہوں نے مطالبہ کیا کہ تین ماہ کے لئے مساجد اور دینی اداروں کے بل معاف کئے جائیں۔ ریاست پورے ملک کے مسلمانوں کی مدد اور کفالت کرے۔ سماجی میل جول کا مسئلہ تو سب جگہ ہے لیکن میڈیا نے مسجد کو نشانہ بنایا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ پوری قوم متحد ہوکر اپنی خدمات انجام دے۔ احتیاطی تدابیر کے ساتھ مساجد کھلی رہیں اور باجماعت نماز جاری رہے۔ معمر اور جو لوگ بیمار یا وائرس سے متاثر ہیں وہ مساجد میں نہ آئیں۔

 

انہوں نے کہا کہ  مساجد سے قالین ہٹا کر جراثیم کش ادویات کا سپرے کیا جائے۔ مساجد کے دروازوں پر سینی ٹائزر لگانے کا اہتمام کیا جائے۔ باجماعت نماز کے دوران صفوں میں فاصلہ ہو۔ وضو گھر سے اور سنتیں بھی گھر پر پڑھیں۔