چین او ر ایران کی لاہور میں ہوئے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت

چین او ر ایران کی لاہور میں ہوئے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت

بیجنگ ،تہران : چین اور ایران نے لاہور میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے، چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گنگ شوانگ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چین ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ چین دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہتا ہے اور متعلقہ شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مضبوط کرنے کا خواہاں ہے.علاوہ ازیں ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پاکستان کے شہر لاھور میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردہ گروہ اپنے غیر انسانی اقدامات کے ذریعے علاقے کی قوموں میں پائے جانے والے دہشت گردی کی بیخ کنی کے عزم کو متاثر نہیں کرسکتے۔انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ دہشت گرد گروہ اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پاکستان کے عوام ، حکومت اور سانحہ لاھور میں مرنے والوں کے لواحقین کو ایران کی حکومت اورعوام کی جانب سے تعزیت بھی پیش کی۔ پاکستان میں ایران کے سفارت خانے نے بھی لاھور میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مرنے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ایران کے سفارت خانے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہے۔