ٹرمپ کی مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کو عمل میں بدلا جائے، دفتر خارجہ

ٹرمپ کی مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کو عمل میں بدلا جائے، دفتر خارجہ
کیپشن: امید ہے امریکی صدر کے دورہ بھارت کے دوران کشمیر کا معاملہ اٹھایا جائے گا، دفتر خارجہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ ٹرمپ کی کشمیر پر ثالثی کی پیشکش پر عملدرآمد چاہتے ہیں۔ امید ہے امریکی صدر بھارت میں کشمیر کا مسئلہ اٹھائیں گے۔ امریکہ کی جانب سے بھارت کو جدید ائیر سسٹم کی فراہمی پر تشویش ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک سے زائد بار مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی، چاہتے ہیں اس پیشکش کو عمل میں بدلا جائے۔ امید ہے امریکی صدر کے دورہ بھارت کے دوران کشمیر کا معاملہ اٹھایا جائے گا، جو خطے میں عدم استحکام کی بڑی وجہ ہے۔

ترجمان عائشہ فاروقی نے بتایا کہ مقبوضہ وادی میں مظالم کیساتھ بھارت نے ایک سال کے دوران 272 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ بھارت خطے میں ہائی پروفائل دوروں سے قبل حالات خراب کرنا چاہتا ہے۔

ایک سوال پر ترجمان نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر عالمی شراکت دار پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستان گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے پرامید ہے۔

عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ امریکہ کی جانب سے بھارت کو جدید ائیر سسٹم کی فراہمی پر پاکستان کو تشویش ہے۔ اس اقدام سے خطے میں طاقت کا توازن متاثر ہوگا۔