پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان فیصلہ کن ٹی ٹونٹی آج ہوگا

The final T20 match between Pakistan and South Africa will be played today
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا تیسرا اور فائنل میچ آج قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز یکطرفہ مقابلے میں جنوبی افریقا نے گرین شرٹس کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1، 1 سے برابر کر دی تھی۔

خیال رہے کہ پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے میں جنوبی افریقا کو 3 رنز سے ہرا دیا تھا۔

گزشتہ روز قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں جنوبی افریقا کے کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بلے بازی کرنے کی دعوت دی۔ قومی کھلاڑی اس پیشکش سے فائدہ نہ اٹھا سکے اور ناقص بیٹنگ کرتے ہوئے پے درپے آؤٹ ہوتے رہے۔ قومی ٹیم نے 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 144 رنز بنائے۔

پاکستانی اننگز کی خاص بات محمد رضوان کی بیٹنگ تھی جو ان دنوں بھرپور فارم میں ہیں۔ محمد رضوان نے 51 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کوئی اور بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا، جس کی وجہ سے قومی ٹیم جنوبی افریقا کو اچھا ہدف دینے میں ناکام رہی۔

قومی ٹیم کی جانب سے محمد رضوان اکیاون، افتخار احمد بیس، خوشدل شاہ پندرہ اور فہیم اشرف تیس رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پروٹیز کی جانب سے ڈیوائن پریٹوریئس نے شاندار باؤلنگ کرکے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جنوبی افریقا نے 145 رنز کا آسان ہدف دیا صرف 4 وکٹوں کے نقصان پر سولہ اعشاریہ دو اوورز میں مکمل کرکے سیریز کو ایک، ایک سے برابر کر دیا۔