معیشت جن کی وجہ سے خراب ہوئی وہ کہہ رہے ہیں مہنگائی ہو گئی، فواد چوہدری

معیشت جن کی وجہ سے خراب ہوئی وہ کہہ رہے ہیں مہنگائی ہو گئی، فواد چوہدری
سورس: فائل فوٹو

پنڈ دادنخان: وفاقی وزیر اطلاعات  فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کی وجہ سے یہ سب چور ایک ہو گئے ہیں اور معیشت جن کی وجہ سے خراب ہوئی اب وہ کہہ رہے ہیں مہنگائی ہو گئی۔

تقریب سے خطاب میں فواد چوہدری نے ایک بار پھر پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کی قیادت کو نشانے پر رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ملازم کے اکاؤنٹ سے 4 ارب روپے نکل آئے، جب تک لوٹا ہوا پیسہ واپس نہیں آئے گا معاف نہیں کیا جائے گا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی وجہ سے یہ سب چور ایک ہوگئے ہیں اور معیشت جن کی وجہ سے خراب ہوئی، وہ کہہ رہے ہیں مہنگائی ہو گئی۔ شہباز شریف کبھی فضل الرحمن اور کبھی کسی سے مل رہے ہوتے ہیں، شہباز اور بلاول کا خیال ہے کہ مولانا صاحب کے بچے آئیں گے اور سات مرتبہ یہ عمران خان کو گرانے آئے لیکن اللہ عمران خان کا محافظ ہے یہ بال بیکا نہیں کر سکتے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بلاول صاحب اپنی طاقت پر سیاست کریں اور پہلے الیکشن لڑنا سیکھیں، وہ آصف زرداری کی نہیں بینظیر بھٹو کی سیاست کریں اور اپنے نانا سے سیکھیں جبکہ سیاست وہ ہوتی ہے جو اپنے قد سے کی جاتی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان بات کرتا ہے تو چین کا صدر بات غور سے سنتا ہے اور 23 سال بعد آج کوئی وزیراعظم روس جا رہا ہے جبکہ آج پاکستان کے وزیراعظم کی آواز کو امہ کی آواز سمجھا جاتا ہے۔

مصنف کے بارے میں