کورونا وائرس کلورین ملے پانی میں صرف 30 سیکنڈ میں مرجاتا ہے ،تحقیق

کورونا وائرس کلورین ملے پانی میں صرف 30 سیکنڈ میں مرجاتا ہے ،تحقیق
سورس: file photo

لندن،کورونا وائرس کلورین ملے ہوئے پانی میں صرف 30 سیکنڈ زندہ رہتا ہے ۔ ماہرین تحقیق کے بعد اس نتیجے پر پہنچ گئے ہیں کورونا وائرس کلورین ملے پانی سے ختم ہوجاتا ہے ۔ 

تفصیلا ت کے مطابق ماہرین نے ایسے سوئمنگ پولز کا مطالعہ کیا جس میں کلورین ملی ہوئی تھی ریسرچ میں ان پر یہ انکشاف ہوا کہ کورونا وائرس صرف 30 سیکنڈز تک ہی زندہ رہ سکا اور اس کے بعد اس کی موت ہو گئی۔

طبی ماہرین اب اس نتیجے پر طویل مطالعے کے بعد پہنچے ہیں کہ کوئی بھی ایسا پانی جس میں کلورین ملی ہوئی ہو وہ کورونا کے خاتمے کا سبب بنتا ہے۔ماہرین اس تحقیقات سے خود بھی حیران رہ گئے ۔ 

ماہرین کے مطابق تحقیق سوئم انگلینڈ، واٹر بے بیز اور رائل لائف سیونگ سوسائٹی کی معاونت سے کی گئی تھی۔ اس کے نتیجے میں یہ بات بھی سامنے  آئی کہ سوئمنگ پولز سے کورونا وائرس پھیلنے کا خطرہ انتہائی کم ہے۔

ٹیم کے سربراہ وینڈی بارسلے کا کہنا ہے کہ تحقیق کے دوران ہم نے وائرس سے آلودہ مواد کو سوئمنگ پولز سے حاصل کیے جانے والے پانی میں ملایا تو ہم یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ کرونا 30 سیکنڈ سے بھی کم وقت میں ختم ہوگیا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ ہم سوئمنگ پولز مالکان کو تاکید کریں گے کہ وہ پولز میں 1.5 ملی گرام فی لیٹر کے تناسب سے کلورین استعمال کریں جس کی کثافت 7.0ہو تو اس تناسب سے پانی اور کلورین کا آمیزہ کرونا وائرس کو سب سے زیادہ تیزی سے ختم کرتا ہے۔