امریکی کمپنی نووا ویکس کا اپنی کورونا ویکسین 90 فیصد موثر ہونے کا دعویٰ  

US company Novavax claims its Corona vaccine is 90% effective
کیپشن: فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکا کی میڈیسن کمپنی نووا ویکس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی تیار کردہ ویکسین عالمی وبا کے تدارک 90 فیصد موثر ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق نووا ویکس کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس دوا کے پورے امریکا میں وسیع پیمانے تجربات کئے گئے تھے۔ انتہائی احتیاط کے بعد حاصل کئے گئے ڈیٹا میں یہ بات ثابت ہوئی کہ ان حفاظتی ٹیکوں کا اثر بہت مفید رہا۔

کمپنی نے کہا ہے کہ ناصرف امریکا بلکہ پڑوسی ملک میکسیکو میں بھی اس دوا کا کلینکل ٹرائل کیا گیا تھا، جہاں سے بھی اس کے 90 فیصد تک موثر ہونے کی رپورٹس موصول ہوئیں۔

نووا ویکس کمپنی نے کہا کہ رواں سال ہی وہ اس کورونا ویکسین کی ہنگامی منظوری کیلئے محکمہ صحت کو درخواست دے گی۔

دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس ویکسین کی تیاری میں پروٹینز کا استعمال کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ اس قسم کی روایتی ویکسینز میں مدافعتی ردعمل کے لیے وائرس کے اجزا کا ہی استعمال کیا جاتا ہے۔

یہ ویکسین کلینکل ٹرائل میں 91 فیصد تک موثر رہی، اس دوا کو کورونا وائرس سے شدید انفیکشن کا شکار افراد پر استعمال کیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ درمیانے درجے اور معمولی انفیکشن کیسوں کو روکنے کے لیے یہ حفاظتی ٹیکے 100 فیصد تک موثر ثابت ہوئے۔

یہ ویکسین ان ویریئنٹس کے خلاف بھی 70 فی صد مؤثر پائی گئی جن کی شناخت بھی نووا ویکس نہیں کر پایا۔

نووا ویکسین کے مضر اثرات میں سر درد، پٹھوں میں کھچاؤ اور جسم کے دیگر حصوں میں درد شامل رہے، تاہم صرف چند لوگوں میں اس کے اثرات شدید رہے۔

نووا ویکس کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ وہ ہر ماہ اس ویکسین کے 100 ملین ڈوز تیار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔