لاہور ہائی کورٹ نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست کو قابل سماعت قرار دےدیا

لاہور ہائی کورٹ نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست کو قابل سماعت قرار دےدیا
کیپشن: Image Source: File Photo


لاہور:لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی درخواست قابل سماعت قرار دیدی۔

 

تفصیلات کے مطابق ، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بنچ نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کی۔

 

دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق اے خان نے موقف اختیار کیا کہ لاہور ہائیکورٹ شہباز شریف کی درخواست کو نہیں سن سکتی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کیخلاف نیب اسلام آباد نے ریفرنس دائر کیا۔

 

اسلام آباد کی نیب عدالت نے انہیں سزا سنائی جبکہ ان کی اپیل بھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے، اس لئے لاہور ہائیکورٹ کو اس درخواست کی سماعت کا اختیار نہیں ہے۔

 

دوسری جانب شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے دلائل دئیے کہ لاہور ہائیکورٹ کے پاس اس معاملے کی سماعت کا اختیار ہے۔ عدالتی فیصلوں میں نظیر موجود ہے۔ انہوں نے ایان علی اور پرویز مشرف کے کیسز کا حوالہ بھی دیا اور عدالت سے استدعا کی کہ وفاقی حکومت اور نیب کے اعتراضات مسترد کیے جائیں۔

 

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی شہباز شریف کی درخواست قابل سماعت قرار دیدی۔