کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بڑا دھچکا، فاف ڈوپلسی پی ایس ایل 6 سے باہر

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بڑا دھچکا، فاف ڈوپلسی پی ایس ایل 6 سے باہر
کیپشن: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بڑا دھچکا، فاف ڈوپلسی پی ایس ایل 6 سے باہر
سورس: فائل فوٹو

ابوظہبی: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اہم کھلاڑی فاف ڈوپلسی پی ایس ایل 6 سے باہر ہو گئے۔

پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں گوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان اتوار کو ہونے والے میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقی بلے باز فاف ڈوپلسی زخمی ہو گئے تھے  تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ وہ پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز میں شرکت نہیں کرسکیں گے اور واپس اپنے ملک روانہ ہو رہے ہیں۔

میچ کے دوران پشاور زلمی کے بلے باز ڈیوڈ ملر کی جانب سے زور دار شارٹ کو روکنے کے لیے فاف ڈوپلسی اور محمد حسنین گیند کی طرف دوڑے تاہم دونوں کی اس کوشش کے دوران فاف ڈوپلسی کا سر محمد حسنین کے گھٹنے سے ٹکرا گیا جس سے وہ شدید زخمی ہوکر گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔

بعد ازاں فاف ڈوپلسی کو اسپتال پہنچایا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی اور گزشتہ روز اس حوالے سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بلے باز نے ٹوئٹ میں مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب پہلے سے بہتر محسوس کررہے ہیں تاہم انہیں میچ کے دوران محمد حسنین کے ساتھ ٹکراو یاد نہیں تاہم وہ بہت جلد ٹھیک ہوکر واپس ٹیم کا حصہ بن جائیں گے۔

خیال رہے فاف ڈوپلسی نے پی ایس ایل کے رواں سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے 5 میچز کھیلے جس میں وہ 4 اننگز میں صرف 76 رنز ہی بنا سکے جب کہ گزشتہ سیزن میں وہ پشاور زلمی کی جانب سے صرف ایک ہی میچ کھیل سکے تھے۔