پارٹی رہنما آئندہ 3 دن اسلام آباد میں ہی رہیں، عمران خان

پارٹی رہنما آئندہ 3 دن اسلام آباد میں ہی رہیں، عمران خان

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پاناما پیپرز کیس سے قبل پارٹی کے اہم رہنماؤں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ آئندہ 3 روز تک اسلام آباد میں ہی موجود رہیں۔عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو یہ ہدایات بنی گالہ میں سپریم کورٹ کے متوقع فیصلے کے حوالے سے منعقدہ اہم اجلاس کی صدارت کے دوران دی۔ اجلاس میں عمران خان نے ملک بھر میں بجلی کی بندش پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت 2013میں کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ سرکاری اداروں اور چوری کا بوجھ بل ادا کرنے والوں پر ڈالا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ منصوبوں میں تاخیر اور ناکامیاں حکومتی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف کی حکومت سے پہلے بجلی کا شارٹ فال 3ہزار میگاواٹ تھا ۔ چار سال بعد حالت یہ ہے کہ بجلی شارٹ فال 3ہزار میگاواٹ سے 9ہزار میگاواٹ پر جاپہنچا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ستم ظریفی کا عالم ہے کہ وزیر بحران کی زمہ داری موسم پر ڈال رہے ہیں ۔ کیا وزیر موصوف کو ابھی علم ہوا ہے کہ پاکستان میں گرمی بھی پڑتی ہے ۔